مریم نواز کی شیخوپورہ آمد، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج

مقدمے میں مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کے بیٹے، 2 بھائیوں سمیت ن لیگ کی ضلعی قیات اور سینکڑوں کارکنوں کو نامزد کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 17 مئی 2021 10:24

مریم نواز کی شیخوپورہ آمد، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج
شیخوپورہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 مئی 2021ء ) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی شیخوپورہ آمد کے موقع پر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جلوس نکالنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کی شیخوپورہ آمد پر کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرایا گیا ، کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جلوس نکالنے اور عوامی اجتماع کرنے پر درج مقدمے میں مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف کے بیٹے میاں حسن جاوید، دو بھائیوں امجد لطیف اور منور لطیف کو نامزد کیا گیا ہے ، اس کے ساتھ ساتھ مقدمے میں ن لیگ کے ضلعی صد منور اقبال، ملک پرویز اقبال، شیخ محمد یعقوب اور عظیم جاوید کے علاوہ سینکڑوں ن لیگی کارکنوں کو بھی نازمد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اپنے دورہ شیخوپورہ میں نائب صدر پاکستان مسلم لیگ ن مریم نواز شریف نے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف کے اہل خانہ سے ملاقات کی ، اس موقع پر دیگر ن لیگی رہنما بھی موجود تھے ، جن میں پرویز رشید، خرم دستگیر، مریم اورنگزیب اور طلال چوہدری شامل ہیں ، اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے جاوید لطیف کی گرفتاری کی مذمت کی اور کہا کہ جاوید لطیف نے آئین اور قانون اور حق کی بات کی تو غدار کہلائے، یہ جاوید لطیف کو نہیں شیخوپورہ کے عوام کو غداری کا لقب دیا گیا ہے، کیوں کہ جاوید لطیف خطرہ مول لےکر حق و سچ بات پر ڈٹے رہے، غداری کا لقب فاطمہ جناح کوبھی دیا گیا تھا ، غداری کا لقب نوازشریف اورمریم نواز کے حصے میں بھی آیا ، جو آئین و قانون کی بات کرتا ہے اسے غدار کہتا ہے ، قانون کی پاسداری غداری ہے تو ہم یہ کرتے رہیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ امریکا میں بیٹھ کر کشمیر کا سودا کرنے والے کو غدار کہتے ہیں، غدار وہ ہے جو کشمیر کا سودا کرکے منہ لٹکا کر ملک واپس آئے، غدار وہ ہے جو عوام کو ایک کلو چینی کے لیے لائن پر لگا دے، غدار وہ ہے جو کہے کہ سفارت خانے اچھا کام نہیں کررہے، بغض نوازشریف اور بغض ن لیگ میں اداروں پرانگلی اٹھانے والے غدار ہیں، دھونس دھاندلی کے ذریعے میڈیا کو کنٹرول کرنےکی کوشش کرنےوالا غدار ہے۔

نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ اگر حق کی بات کرنا آئین و قانون کی پاسداری کا کہنا غدار ہے تو ہم یہ غداری بار بار کریں گے، جب تم ہار جاتے ہو تو پھر آئین اور قانون کی بات نہیں سنتے ہو اور غداری کے فتوے بانٹتے ہو، لیکن اب وقت بدل رہا ہے اور لوگوں نے ڈرنا چھوڑ دیا ہے، جس کوچور اور ڈاکو کہا آج اس کا بیانیہ ملک کے کونے کونےمیں پھیل چکا ہے، ووٹ کو عزت دو نواز شریف کا بیانیہ ہے یہ بیانیہ ملک کے کونے کونے میں پھیل چکا ہے ، اس کا مظاہرہ ڈسکہ الیکشن میں ہوا عوام نے رات بھر جاگ کر ووٹ پہ پہرا دیا، وہ کون سا الزام ہے جو انہوں نے نوازشریف پر نہیں لگایا، پاکستان کے کونے کونے سے نوازشریف کے حق میں فیصلے آرہے ہیں، ڈسکہ میں عوام نے نوازشریف کے بیانیے کےحق میں فیصلہ دیا، کیوں کہ نوازشریف عوام کے ووٹ سے منتخب ہوکر وزیراعظم بنا تھا، عوام جان گئی ہے کہ آئین کو ماننے والے اور نہ ماننے والے کون ہیں۔