Live Updates

بیرون ملک سفر کرنے سے روکنے پر شہباز شریف نے توہین عدالت کی درخواست دائر کردی

لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر عملدرآمد کے لیے متفرق درخواست ‘ ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائرکی گئی ہے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 17 مئی 2021 13:12

بیرون ملک سفر کرنے سے روکنے پر شہباز شریف نے توہین عدالت کی درخواست ..
 لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 17 مئی ۔2021ء) لاہور ہائیکورٹ کی اجازت کے باوجود بیرونِ ملک سفر کرنے سے روکنے پر مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے توہین عدالت کی درخواست دائر کردی ہے. شہباز شریف نے اپنے وکیل امجد پرویز کی وساطت سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل سمیت دیگر کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی درخواست میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے علاج کے لیے ایک بار ملک سے باہر جانے کی اجازت دی تھی، عدالت نے واضح حکم دیا کہ آٹھ ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت ہے تاہم عدالتی حکم کے باوجود ائیر پورٹ پر روک دیا گیا.

(جاری ہے)

ان کا موقف تھا کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دینا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت حکم عدولی کرنے والوں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے. اس کے علاوہ شہباز شریف نے لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر عملدرآمد کے لیے متفرق درخواست بھی دائر کی درخواست میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی لیکن عدالتی حکم پر عملدرآمد نہیں کیا گیا.

شہباز شریف نے کہا کہ غیر قانونی طور پر ایئر پورٹ پر روک لیا گیا، عدالت اپنے حکم پر عملدرآمد کروانے کے لیے احکامات جاری کرے درخواست گزار کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم کے بعد 8 مئی کو فلائٹ کے لیے لاہور ایئرپورٹ پر بورڈنگ پاس جاری کر دیا گیا. انہوں نے مزید کہا کہ انسپکٹر امیگریشن نے بتایا پی این آئی ایل میں نام کی وجہ سے وہ بیرون ملک نہیں جا سکتے لیکن ایئرپورٹ حکام نے تحریری طور پر کچھ نہیں دیا درخواست میں کہا گیا کہ 7 مئی کو عدالت عالیہ نے سرکاری وکیل کی موجودگی میں بیرون ملک جانے کی اجازت کا حکم جاری کیا، عدالت عالیہ کا حکم ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن کو بھی دکھایا گیا، عدالت کا حکم نہ ماننا توہین عدالت ہے درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالتی حکم نہ ماننے والوں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے.


Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات