راولپنڈی میں شوہر کے قتل میں بیوی اور آشنا ملوث نکلے

دونوں ملزمان کے آپس میں 4 سال سے تعلقات تھے، شادی کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 17 مئی 2021 13:33

راولپنڈی میں شوہر کے قتل میں بیوی اور آشنا ملوث نکلے
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 مئی 2021ء) : راولپنڈی میں شوہر کے قتل میں بیوی اور آشنا ملوث نکلے۔تفصیلات کے مطابق چکبیلی باحیا میں میں ہونے والے قتل کا ڈراپ سین ہوگیا۔شوہر کی اپنی بیوی ہی قتل میں ملوث نکلی۔پولیس کے مطابق مقتول محسن جاوید کی چند سال قبل ثناء بی بی سے شادی ہوئی تھی جبکہ ملزم تیمور اور ثناء بی بی کے آپس میں چار سال سے مراسم تھے۔

ملزمان نے منصوبہ بندی سے محسن جاوید کو قتل کیا اور قتل کے بعد مقتول کی بیوی نے وقوعہ کے وقت بے ہوش ہونے کا ڈرامہ بھی رچایا جبکہ مقتول کو قتل کرنے کے بعد دونوں نے شادی کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ سائنسٹیفک ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے اصل ملزمان کو ٹریس کیا گیا۔ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ملزم تیمور کے قبضے سے آلہ قتل اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب جڑانوالہ میں رشتے کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں باپ بیٹے سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تھانہ لنڈیانوالہ کے چک 563 گ ب میں پیش آیا جہاں رشتے کے تنازع پر مبینہ طور پر ملزم ذیشان نے ساتھیوں کے ہمراہ اپنے رشتے دار مشتاق کے گھر آکر فائرنگ کردی۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں مشتاق، اس کا بیٹا جمیل ہلاک اور ایک بیٹا نذیر زخمی ہوگئے ،فائرنگ کے دوران ذیشان کا ایک ساتھی عدنان بھی زخمی ہوا جو اسپتال منتقل کرنے کے دوران دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے جب کہ لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے سول ہسپتال جڑانوالہ منتقل کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔دوسری جانب آر پی او رفعت مختار راجہ نے تہرے قتل کے واقعے کا نوٹس لے کر رپورٹ طلب کر لی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے