وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس طلب کرلیا

کابینہ کے اجلاس کا ایجنڈا چودہ نکات پر مشتمل ہے‘اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی متوقع ہے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 17 مئی 2021 13:38

وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس طلب کرلیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 17 مئی ۔2021ء) وزیراعظم نے کل وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں اجلاس کا ایجنڈا چودہ نکات پر مشتمل ہے. منگل کے روز ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب پر تبادلہ خیال ہوگا اور فلسطین کی موجودہ صورتحال پر بھی بات چیت ہوگی وفاقی کابینہ کرتارپور راہداری منصوبے کو پیپرا رولز سے استثنی دینے کی منظوری دے گی جبکہ اقوام متحدہ کی چار گاڑیوں کو پاکستان کے راستے کابل لے جانے کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے.

(جاری ہے)

اجلاس کے ایجنڈے میں پاک چین سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر یادگاری سکہ جاری کرنے کا معاملہ بھی شامل ہے ریلوے پولیس کے دائرہ اختیار سے متعلقہ ایس آر اوز جاری کرنے اور الیکشن کمیشن کی سالانہ رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے. وفاقی کابینہ کے اجلاس کے ایجنڈے میں نجی ایئرلائن کو پیسنجر اینڈ کارگو لائسنس جاری کرنے، لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی ،پاکستان ہاﺅسنگ اتھارٹی فاﺅنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی،الیکٹرانک سرٹیفیکیشن ایکریڈیشن کونسل کے ارکان کی تعیناتی، بیرون ملک پاکستانی مشنز میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشی تعینات کرنے کی منظوری بھی متوقع ہے.

کابینہ نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی، کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے فیصلوں کی توثیق، کمیٹی برائے قانون سازی کے فیصلوں کی توثیق اوراقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی کل ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں متوقع ہے.