مقبوضہ جموںو کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی نے تمام حدیں پار کر لیں: تحریک وحدت اسلامی

پیر 17 مئی 2021 16:05

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2021ء) غیرقانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میںتحریک وحدت اسلامی نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی مبنی برحق جدوجہد کو دبانے کیلئے ظلم وستم کا ہر ہتھکنڈہ استعمال کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم منصوبوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا اور کشمیری اپنے شہداء کے عظیم مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق تحریک وحدت اسلامی کے ترجمان شاہد علی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی نے اپنی تمام حدیں پار کر لی ہیں اور کشمیری مصائب و مشکلات کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماشہید محمد اشرف صحرائی کے دو بیٹوں اور دیگر رشتہ داروں کی بلاجواز گرفتاری بھارتی حکومت کی سفاکیت کا ایک واضح ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک طرف 78سالہ اشرف صحرائی کوغیر قانونی نظر بندی کے دوران علاج و معالجہ کی سہولیات سے محروم رکھ کو موت کے منہ میں دھکیلا گیا اور اب ظلم وستم کی یہ انتہا ہے کہ ان کے اہلخانہ کو بھی قید کیا جا رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کا شکار بیگناہ فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی پر کشمیری آرٹسٹوں اور نوجوانوں کو بھی کالے قوانین کے تحت سلاخوں کے پیچھے دھکیلا جا رہا ہے جو بھارتی حکومت کے بغض و عناد کا واضح ثبوت ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارتی پالیسی سازوں کو یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہیے کہ جبر و استبداد کے ہتھکنڈوں کے ذریعے کسی قوم کو وقتی طور پر مشکلات و مصائب کا شکار تو کیا جاسکتا ہے لیکن اسکے اندر موجزن جذبہ آزادی کو ہرگز مٹایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی تمام تر چیرہ دستوں کے باجود کشمیریوں کا جذبہ حریت مضبوط و توانا ہے اور وہ اپنی جدوجہد کو اسکے منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔انہوں نے شہید اشرف صحرائی کے بیٹوں سمیت تمام گرفتار نوجوانوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ ترجما ن نے اقوام متحدہ ، اسلامی تعاون تنظیم اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموںو کشمیر اور فلسطین میں بھارتی اور اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔