مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں دواور کشمیری نوجوان شہید

نوجوانوںکی شہادت پر زبردست بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں احتجاجی مظاہرے

پیر 17 مئی 2021 16:05

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2021ء) غیرقانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میںبھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج سرینگر میں دو اورکشمیری نوجوانوںکو شہید کردیا ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نوجوانوںکو سرینگر کے علاقے کھنموہ میںبھارتی فوج ، پولیس اور سینٹرل ریزروپولیس فورس کی طرف سے مشترکہ طورپر شروع کی گئی تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران شہید کیاگیا۔

(جاری ہے)

آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی کارروائی جاری تھی اور پورے علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی تھی اورصحافیوں سمیت کسی کوئی بھی علاقے میں جانے نہیں دیا جارہا ہے ۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ادھرقابض انتظامیہ کی طرف سے عائد سخت پابندیوں کے باوجود لوگوںنے سرینگر کے علاقے کھنموہ میںجہاں فوجیوںنے آج د و نوجوانوںکو شہید کر دیا ہے ،سڑکوں پر نکل کر زبردست بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں مظاہرے کئے ۔ سینکڑوں مرد و خواتین اس عمارت کے باہر جمع ہو کر جہاں دونوں نوجوانوںکو شہید کیاگیا ہے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے بلند کئے ۔