آسٹریلین، کیویز اور افغان کرکٹرز بقیہ آئی پی ایل میچز کیلئے دستیاب نہیں ہونگے

انگلینڈ کو جون میں نیوزی لینڈ کیخلاف 2 ٹیسٹ کھیلنے ہیں،ستمبر میں بنگلہ دیش ، اکتوبر میں مختصر اوورز کی سیریز کیلئے پاکستان جانا ہے، نیوزی لینڈ کو ستمبر میں پاکستان کیخلاف3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹونٹی کھیلنے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 17 مئی 2021 16:17

آسٹریلین، کیویز اور افغان کرکٹرز بقیہ آئی پی ایل میچز کیلئے دستیاب ..
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 مئی 2021ء ) بھارتی کرکٹ بورڈ کورونا سے متاثر ہونے والی آئی پی ایل رواں سال ہی مکمل کرانے کا خواہاں ہے لیکن بھارتی کے صدر سارو گنگولی کے مطابق بقیہ میچز بھارت میں نہیں ہوسکیں گے ۔ ایونٹ کیلئے ونڈو تلاش کرنا بڑا مسئلہ ہے لیکن اس سے پہلے ہی بھارتی کرکٹ بورڈ کو نیا دھچکا لگا ہے کیوں کہ انگلش کرکٹ بورڈ کے حکام نے اعلان کیا ہے کہ ان کے کھلاڑی بھارتی لیگ کے بقیہ میچز میں شرکت نہیں کریں گے۔

انگلش کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ایشلے جائلز کہہ چکے ہیں کہ ان کے پلیئرز غیرملکی لیگز کی بجائے انٹرنیشنل کرکٹ کو ترجیح دیں۔ انگلینڈ کو جون میں نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ کھیلنے ہیں جس کے بعد ستمبر میں اسے بنگلہ دیش کا دورہ کرنا ہے جب کہ اکتوبر میں مختصر اوورز کی سیریز کیلئے پاکستان جانا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ نے بھی واضح کیا ہے کہ کیویز کا بھی ٹورنامنٹ میں مزید کھیلنا ممکن نہیں ہوپائے گا۔

نیوزی لینڈ کو ستمبر میں پاکستان کیخلاف تین ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹونٹی کھیلنے ہیں۔ ادھر کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مستقبل میں ٹی ٹونٹی لیگز سے معاہدہ دیکھ بھال اور صورتحال دیکھ کر کریں۔ افغانستان کو بھی اسی عرصے میں ون ڈے سیریز کھیلنی ہے جس کے باعث راشد خان سمیت دیگر افغان پلیئرز بھی آئی پی ایل کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے۔