صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان حکومت مخالف تحریک کیلئے متحرک

مولانا فضل الرحمان کا شہبازشریف سے ٹیلیفونک رابطہ، مئی کے آخر میں سربراہی اجلاس بلانے پر اتفاق، اجلاس میں حکومت کیخلاف لانگ مارچ اور دیگرآپشنز کی حتمی تاریخ کا جلد اعلان کیا جائے گا۔ ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 17 مئی 2021 16:28

صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان حکومت مخالف تحریک کیلئے متحرک
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 مئی2021ء) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر مولانا فضل الرحمان حکومت مخالف تحریک کیلئے متحرک ہوگئے، مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں مئی کے آخر میں سربراہی اجلاس بلانے پر اتفاق کیا گیا، اجلاس میں حکومت کیخلاف لانگ مارچ سمیت دیگرآپشنز کی حتمی تاریخ کا جلد اعلان کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان اور صدر ن لیگ ، قائد حزب اختلاف شہبازشریف سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ دونوں رہنماوَں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مولانا فضل الرحمان اور شہبازشریف کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو کے دوران ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمان اور شہبازشریف نے مئی کے آخر میں پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس بلانے پر اتفاق کیا۔

مولانا فضل الرحمان جلد دیگرجماعتوں کے سربراہان سے رابطوں کے بعد حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی کے سینئر مرکزی رہنماء سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے پی ڈی ایم متحد ہونے کا عندیہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سب کو ساتھ لے کر چلیں تو چیزیں بہترہوسکتی ہیں، پی ڈی ایم اب بھی متحد ہوسکتی ہے۔اسی طرح پیپلزپارٹی کے وفد نے صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان سے ملاقات بھی کی تھی، جس میں سیاسی صورتحال اورپی ڈی ایم کے مستقبل بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے اس سے قبل 28 اپریل کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم رہنماؤں کو پیپلز پارٹی اور اےاین پی کے خلاف بیان بازی سے روک دیا تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماؤں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی درخواست کی تھی۔ کیونکہ مولانا فضل الرحمان اور پیپلزپارٹی کی قیادت کے درمیان بیک ڈور رابطے ہوئے ہیں۔

ان رابطوں کے دوران مولانا فضل الرحمان پیپلزپارٹی اور اے این پی کواپنے مئوقف پرنظرثانی کرنے کا کہہ چکے ہیں۔ اسی وجہ سے مولانا فضل الرحمان نے ہدایت کی ہے کہ سربراہی اجلاس تک فریقین ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی نہیں کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ پی ڈی ایم کے آئندہ سربراہی اجلاس میں پیپلزپارٹی اوراےاین پی کی شرکت بھی متوقع ہے۔