جاوید ہاشمی کی چادر چار دیواری پر حملہ ایک نیچ حرکت ہے، مریم نواز

جو چاہے کر لو، وقت بدل رہا ہے، ڈرو اس وقت سے جب تمہارے پاس حکومت اور حکومتی طاقت نہیں رہے گی، انشاءاللّہ فتح حق اور سچ کی ہوگی۔ مرکزی نائب صدر ن لیگ کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 17 مئی 2021 17:21

جاوید ہاشمی کی چادر چار دیواری پر حملہ ایک نیچ حرکت ہے، مریم نواز
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 مئی2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جاوید ہاشمی کی چادر چار دیواری پر حملہ ایک نیچ حرکت ہے، جو چاہے کر لو، وقت بدل رہا ہے، ڈرو اس وقت سے جب تمہارے پاس حکومت اور حکومتی طاقت نہیں رہے گی، انشاءاللّہ فتح حق اور سچ کی ہوگی۔ انہوں نے سینئر رہنماء ن لیگ جاوید ہاشمی کے گھر کی گرانے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ جاوید ہاشمی کی چادر چار دیواری پر حملہ ایک نیچ حرکت ہے اور گھٹیا سوچ اور زہنیت کی عکاس ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔

جو چاہے کر لو، وقت بدل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سے ڈرو جب اپنے بچاو کے لیے تمہارے پاس حکومت اور حکومتی طاقت نہیں رہے گی۔ انشاءاللّہ فتح حق اور سچ کی ہوگی۔واضح رہے سینئرن لیگی رہنماء جاوید ہاشمی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ پولیس نے میرے گھروں کو گھیر لیا ہے اور دیواریں بھی گرانا شروع کر دی ہیں۔

(جاری ہے)

میں اپنی گرفتاری پیش کرنے جا رہا ہوں- پوچھنے پر وجہ بھی نہیں بتا رہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے جاوید ہاشمی نے اداروں کے سربراہان کے خلاف بیان دیا جس پرمسلم لیگ ن نے لاتعلقی کا اظہار کر دیا تھا۔ ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ جاوید ہاشمی کا قومی ادارے کے بارے میں بیان ان کی ذاتی رائے ہے - وہ پارٹی پالیسی کی ترجمانی نہیں کرتے۔ مسلم لیگ ن آئینی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے اور اُمید کرتی ہے کہ تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر ملک کو مظبوط بنانے کے لئے کام کریں۔

اس سے قبل سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اسٹیٹ بینک عوام کی جیب ہوتی ہے جسے آئی ایم ایف کے حوالے کیا جا رہا ہے ،ملک میں مہنگائی کا سیلاب آئے گا، لوگ خود کشیوں پر مجبور ہوں گے جبکہ عمران خان فقیر بادشاہ بنے ہوئے ہیں ،محترمہ بے نظیر بھٹو کو ڈیلنگ نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا لیکن انہوں نے یہ زہریلا گھونٹ پیا جس سے ان کی پارٹی کی سیاسی موت ہوئی اور وہ سندھ تک محدود ہو کر رہ گئی۔