ّ وزیرا عظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا ،14 نکاتی ایجنڈا زیر غور آئیگا

اجلاس میں وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب، فلسطین کی صورتحال سمیت اہم ملکی اور سیاسی امور زیر بحث آئیں گے ٴپاک چین سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر یادگاری سکہ جاری کرنے کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل

پیر 17 مئی 2021 18:05

- اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2021ء) وزیراعظم عمران کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ( منگل )کو ہو گا جسے میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ اجلاس کا ایجنڈا چودہ نکات پر مشتمل ہے۔اجلاس میں وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب پر تبادلہ خیال اور فلسطین کی موجودہ صورتحال پر بھی بات چیت ہوگی۔وفاقی کابینہ کرتارپور راہداری منصوبے کو پیپرا رولز سے استثنی دینے کی منظوری دے گی جبکہ اقوام متحدہ کی چار گاڑیوں کو پاکستان کے راستے کابل لے جانے کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

پاک چین سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر یادگاری سکہ جاری کرنے کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ریلوے پولیس کے دائرہ اختیار سے متعلقہ ایس آر اوز جاری کرنے اور الیکشن کمیشن کی سالانہ رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

نجی ایئرلائن کو پیسنجر اینڈ کارگو لائسنس جاری کرنے، لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی ،پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی فاونڈیشن کے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی،الیکٹرانک سرٹیفیکیشن ایکریڈیشن کونسل کے ارکان کی تعیناتی، بیرون ملک پاکستانی مشنز میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشی تعینات کرنے کی منظوری بھی کابینہ کے اجلاس میں متوقع ہے۔

کابینہ نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی، کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے فیصلوں کی توثیق، کمیٹی برائے قانون سازی کے فیصلوں کی توثیق اوراقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی کل ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں متوقع ہے