کام کے طویل اوقات ہلاکت کا باعث ہو سکتے ہیں، عالمی ادارہ صحت

DW ڈی ڈبلیو پیر 17 مئی 2021 18:20

کام کے طویل اوقات ہلاکت کا باعث ہو سکتے ہیں، عالمی ادارہ صحت

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 17 مئی 2021ء) ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی ریسرچ رپورٹ ایک اہم جریدے انوائرمینٹل انٹرنیشنل میں شائع ہوئی ہے۔ اس تحقیقی رپورٹ میں کام کے طویل اوقات سے انسانی صحت کو پہنچنے والے نقصانات کو موضوع بنایا گیا ہے۔ اس میں یہ بھی بیان کیا گیا کہ طویل اوقات کے انسانی صحت پر پڑنے والے منفی اثرات اتنے شدید ہو سکتے ہیں کہ ان سے متاثرہ انسان اپنی جان سے ہاتھ تک دھو بیٹھتا ہے۔

دنیا کا بھیانک سچ اور ننھے مزدور

کام کے طویل اوقات اور انسانی اموات

عالمی ادارہٴ صحت کے مطابق اقتصادی عدم اطمینان کی وجہ سے کئی انسانوں کو طویل اوقات تک کام کرنا پڑتا ہے اور یہ صورت حال کورونا وبا کے ایام میں خاص طور پر زیادہ دیکھی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ریسرچ رپورٹ کے مطابق کام زیادہ کرنے کے اوقات کی وجہ سے انسانوں کو مختلف عوارض کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اس میں عارضہٴ قلب خاص طور پر اہم ہے۔ سن 2016 میں کام کے طویل اوقات کی وجہ سے دنیا بھر میں سات لاکھ پینتالیس ہزار افراد اپنی زندگی سے محروم ہو گئے تھے۔ ان میں سے زیادہ تر کی موت کی وجہ ہارٹ اٹیک اور اسٹروک ہے۔ یہ اضافہ سن 2000 کے مقابلے میں تیس فیصد زیادہ ہے۔

عالمی ادارہٴ صحت کا ردعمل

ریسرچ میں واضح کیا گیا ہے کہ عالمی آبادی میں کام کے زیادہ اوقات کا سامنا کرنے والی آبادی نو فیصد ہے۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے شعبہ انوائرنمنٹ اور کلائمیٹ چینج و صحت کی ڈائریکٹر ماریا نائرا کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے میں پچپن گھنٹے کام کرنے سے صحت کے شدید مسائل جنم لے سکتے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس کے لیے عام لوگوں تک بنیادی معلومات پہچانا اور ورکرز کی صحت کا تحفظ بھی بہت ضروری ہے۔

بھارت: ایک ماہ میں 75 لاکھ افراد روزگار سے محروم

کام اور گھر کے درمیان لکیر

عالمی ادارہٴ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس آڈہانوم گیبرائسس کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کے دوران لوگوں کے کام کی ہیت میں بڑی تبدیلی پیدا ہوئی ہے اور کئی اداروں میں کمپیوٹر یا ٹیلی ورکنگ نے معمول کی صورت اختیار کر لی ہے۔

گبرائسس کے مطابق اس نئی صورت حال نے کام کے مقام اور گھر میں فرق مٹا دیا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت اور اداروں کو اپنے ورکرز کی صحت کو مقدم سمجھنا چاہیے جب کہ ورکرز کو اس کا خیال رکھنا چاہیے کہ زندگی کے سامنے روزگار کی کوئی اہمیت نہیں اور بہتر ہے کہ کام اس طرح کیا جائے کہ ہارٹ اٹیک یا اسٹروک سے محفوظ رہا جائے۔

عالمی ادارہٴ صحت اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کا اندازہ ہے کہ سن 2016 میں تین لاکھ اٹھانوے ہزار افراد کی موت کی وجہ اسٹروک اور تین لاکھ سینتالیس ہزار افراد کو دل سے جڑی بیماریوں کی وجہ سے موت کے منہ میں جانا پڑا۔

کام کے لیے پولینڈ سے میکسیکو، وہاں جسمانی اعضاء نکال لیے گئے

عالمی ادارہٴ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وبا نے انسانی زندگی میں کام کے اوقات کو بڑھا دیا ہے۔ کام کے اوقات زیادہ ہونے سے جو سات لاکھ سے زائد ہلاکتیں ہوئی تھیں، ان میں زیادہ افراد مرد تھے، جو اوسط یا بڑی عمر کے تھے۔

ع ح، ا ا (روئٹرز، ڈی پی اے)

متعلقہ عنوان :