وزیراعلیٰ پنجاب سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی ملاقاتیں، عوامی حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے احکامات جاری

ڈویلپمنٹ پراجیکٹس میں لوٹ مار قصہ پارینہ ،پنجاب میں کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہ کی ہے، نہ ہوگی‘وزیراعلیٰ عثمان بزدار

پیر 17 مئی 2021 18:31

وزیراعلیٰ پنجاب سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی ملاقاتیں، عوامی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیراعلیٰ آفس میں اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں جس میں منتخب نمائندوں کے علاقوںمیں ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت ، فلاح عامہ کی نئی سکیموں اور عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے منتخب نمائندو ںکے حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندوں کے مسائل کو ذاتی سمجھ کر حل کرتاہوں۔میرے دروازے آپ سب کیلئے کھلے ہیں اور عوام کی خدمت کے لئے ہر وقت حاضر ہوں۔ منتخب نمائندوں کی تجاویز کو پوری اہمیت دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی ہر سطح پر مانیٹرنگ کا میکانزم بنا لیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کے خاطرخواہ نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس میں لوٹ مار قصہ پارینہ ہے۔پنجاب میں کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہ کی ہے، نہ ہوگی۔ پنجاب کا مینارٹی ایمپاورمنٹ پیکیج دوسرے صوبوں کیلئے قابل تقلید اقدام ہے۔ گردواروں، مندروںاورگرجا گھروں کی تعمیرو مرمت کیلئے فنڈز مختص کر دیئے ہیں ۔

اقلیتی برادری کے مذہبی مقامات پر ضروری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیںگے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا غیر فطری اتحاد پی ڈی ایم اپنی موت آپ مر چکا ہے اور اپوزیشن کا آئندہ کی سیاست میں کوئی مستقبل نہیں۔پی ڈی ایم بند کمرے تک محدود ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی دیانتداری اورپی ٹی آئی حکومت کی شفافیت پر کوئی انگلی نہیں اٹھاسکتا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں رکن قومی اسمبلی شنیلہ روتھ، اراکین پنجاب اسمبلی احمد خان، رضا حسین بخاری، امین ذوالقرنین، شہباز احمد، طلعت فاطمہ نقوی اور ٹکٹ ہولڈر شوکت بسرا شامل تھے۔