ملتان انتظامیہ نے جاوید ہاشمی کی بیٹی اور داماد کے شادی ہالز گرا دیئے

غیر قانونی تعمیرات گرائی جارہی ہیں، انتظامیہ …اگر اوقاف کا ایک انچ بھی میرے پاس ہے تو بغیر کسی حیل و حجت کے آپ کے حوالے کر دوں گا، جاوید ہاشمی

پیر 17 مئی 2021 22:58

ملتان انتظامیہ نے جاوید ہاشمی کی بیٹی اور داماد کے شادی ہالز گرا دیئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید ہاشمی نے انتظامیہ پر الزام عائد کیا ہے کہ ان کی بیٹی اور داماد کے شادی ہالز کو گرا رہی ہے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ ملتان میں آبائی گاؤں مخدوم رشید میں پولیس بھاری نفری کے ساتھ تعمیرات گرانے پہنچ گئی۔محکمہ اوقاف کے مطابق شادی ہال جی چار کی دیواری گرا دی ہے۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ میرے دیہات کے گھروں کو گرانے کے لیے انتظامیہ پہنچی ہے، سینکڑوں پولیس اہلکار اور گاڑیاں میرے گھر گرا رہی ہیں اور میں خود گرفتاری پیش کرنے گاؤں جارہا ہوں۔دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ کا غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کریک ڈاون شروع کردیا ہے۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) صدر عدنان بدر نے بیان میں کہا کہ مخدوم رشید کے موضع گھڑیالہ میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے غیر قانون طور پر تعمیر کیے گئے شادی ہالز مسمار کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شادی ہالز کی تعمیر کے لیے تحصیل کونسل سے نقشہ کی منظوری حاصل نہیں کی گئی، غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی تمام کمرشل عمارتوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات اور اس کے نتیجے میں ٹیکس کی عدم ادائیگی سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔انہوں نے کہا کہ تمام غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کی جارہی ہے،کارروائی کسی بھی سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر کی جارہی ہے اور کسی رہائشی عمارت کو نہیں گرایا گیا اور نہ ہی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔

انتظامیہ چادر اور چار دیواری کے تقدس کو انتہائی مقدم سمجھتی ہے لیکن غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلا رکاوٹ آپریشن جاری رہے گا۔جاوید ہاشمی نے بعد ازاں ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ پولیس نے میرے گھروں کو گھیر لیا ہے اور گرانا شروع کر دیا ہے، میں اپنی گرفتاری پیش کرنے جا رہا ہوں، پوچھنے پر وجہ بھی نہیں بتا رہے۔انہوں نے کہا کہ بغیر کسی وجہ کے ہمارے گھروں کو کیوں گرایا جا رہا ہے، ہمیں ہمارے گھروں میں محبوس کر دیا گیا ہے۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ میری بیٹی سابقہ رکن قومی اسمبلی میمونہ ہاشمی کے گھر اور اسکول گرا دیا گیا ہے، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کر دیا ہے، ان کے خاوند اور میرے داماد زاہد بہار ہاشمی کے ساتھ سخت رویہ اختیار کیا گیا۔رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہاکہ ووٹ کو عزت ملنے تک اپنی جنگ سے کبھی پیچھے نہیں ہٹوں گا-انہوں نے کہا کہ تین گھنٹے ہو چکے ہیں ہم محاصرے میں ہیں، ہمارے گھر جانے والی تینوں سڑکیں بند ہیں، ہمیں کوئی وجہ بھی نہیں بتاتا کہ کیوں گرا رہے ہیں-ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ گھر، اسکول اور شادی ہال کے بعد اب ہمارے کنٹرول شیڈ، فیکٹریوں کو بھی مسمار کیا جا رہا ہے، ریاستی جبر کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہی-محکمہ اوقاف کی زمین کے حوالے بات کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ یہ زمین اوقاف کی زمین سے آدھا میل دور ہے، میرا گھر موضع گھڑیالا میں ہے، اوقاف کی زمین موضع مخدوم رشید میں ہی-جاوید ہاشمی نے کہاکہ اگر اوقاف کا ایک انچ بھی میرے پاس ہے تو بغیر کسی حیل و حجت کے آپ کے حوالے کر دوں گا۔