سلمان خان سخی ہے اور میں اس کی اس خوبی کی بنا پر مداح بن چکا ہوں

مولانا طارق جمیل کی بالی وڈ اداکار سے محبت کے اظہار کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی

Sajjad Qadir سجاد قادر منگل 18 مئی 2021 08:15

سلمان خان سخی ہے اور میں اس کی اس خوبی کی بنا پر مداح بن چکا ہوں
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 مئی 2021ء ) پاکستان کے معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل کی بولی وڈ اداکار سلمان خان اور ان کے اہل خانہ کے لیے ایک مختصر تعریفی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے، جس میں وہ بھارتی اداکار کے اچھے کاموں کی تعریف کرتے دکھائی دیتے ہیں۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو چار منٹ سے کم دورانیے کی ہے، جس میں انہیں سلمان خان اور ان کے اہل خانہ کو عید کی مبارک باد دیتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

یہ واضح نہیں کہ مولانا طارق جمیل کی جانب سے بولی وڈ دبنگ ہیرو کو عید کی دی جانے والی مبارک باد گزشتہ ہفتے ہونے والی عید الفطر کی ہے یا اس سے قبل کسی عید کی ہے؟بظاہر ویڈیو نئی معلوم ہوتی ہے، جسے تین دن قبل بھارتی شخص عبدالرزاق پٹھان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سمیت ان کی جانب سے چلائے جانے والے دوسرے سوشل میڈیا پیجز پر اپ لوڈ کیا گیا تھا، جس کے بعد مذکورہ ویڈیو کو متعدد دیگر پاکستانی و بھارتی سوشل میڈیا پیجز پر بھی شیئر کیا گیا۔

(جاری ہے)

چار منٹ سے کم دورانیے کی ویڈیو کا آغاز مولانا طارق جمیل کی جانب سے سلمان خان کے والد سلیم خان کو سلام کہنے سے ہوتا ہے۔ویڈیو میں دیکھا اور سنا جا سکتا ہے کہ مولانا طارق جمیل سلیم خان کو سلام کہنے کے بعد ان کے تینوں معروف اداکار بیٹوں سلمان خان، ارباز خان اور سہیل خان کا نام لیتے ہیں اور انہیں خوش نصیب قرار دیتے ہیں۔

اس کے بعد مذہبی اسکالر بتاتے ہیں کہ انہیں پاکستان کے سابق کرکٹر شعیب اختر نے سلمان خان کے حوالے سے دو باتیں بتائیں کہ وہ والدین کے فرمانبردار اور بہت سخی شخص ہیں۔ویڈیو میں مولانا طارق جمیل دبنگ ہیرو کے والد سلیم خان کو مخاطب کرکے کہتے ہیں کہ وہ خوش نصیب ہیں کہ انہیں سلمان خان جیسا فرمانبردار بیٹا ملا ہے۔ویڈیو میں مولانا طارق جمیل کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ سلمان خان اتنی بڑی شخصیت ہونے کے باوجود والدین کے نوکر بن کر زندگی گزارتے ہیں۔ مذہبی اسکالر ویڈیو میں کہتے ہیں کہ انہیں جب سے شعیب اختر نے سلمان خان کے حوالے سے دو باتیں بتائیں ہیں وہ تب سے دبنگ ہیرو کے بہت بڑے مداح بن چکے ہیں۔