طاقتور ترین لوگ قانون سے مبرا نہیں ہیں،حکومتی اہلکاروں کو بھی احتساب کا خوف ہونا چاہئے ،وزیراطلاعات

راولپنڈی رنگ روڈ انکوائری کی ابتدائی رپورٹ میں کسی وزیر یا مشیر کے ملوث ہونے کا ثبوت نہیں ملا،وزیر اعظم کی احتساب سے متعلق پالیسی واضح ہے، جس پر بھی الزامات لگیں گے تو تحقیقات ہوں گی ، جوابدہی کا اصول لاگو ہو گا، فواد چوہدری

منگل 18 مئی 2021 12:57

طاقتور ترین لوگ قانون سے مبرا نہیں ہیں،حکومتی اہلکاروں کو بھی احتساب ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2021ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ طاقتور ترین لوگ قانون سے مبرا نہیں ہیں،حکومتی اہلکاروں کو بھی احتساب کا خوف ہونا چاہئے ،راولپنڈی رنگ روڈ انکوائری کی ابتدائی رپورٹ میں کسی وزیر یا مشیر کے ملوث ہونے کا ثبوت نہیں ملا،وزیر اعظم کی احتساب سے متعلق پالیسی واضح ہے، جس پر بھی الزامات لگیں گے تو تحقیقات ہوں گی ، جوابدہی کا اصول لاگو ہو گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ انکوائری کی ابتدائی رپورٹ میں کسی وزیر یا مشیر کے ملوث ہونے کا ثبوت نہیں ملا، وزیر اعظم کی احتساب سے متعلق پالیسی واضح ہے، جس پر بھی الزامات لگیں گے تو تحقیقات ہوں گی ، جوابدہی کا اصول لاگو ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی کے دور میں میڈیا کے گلے بیٹھ جاتے تھے تاہم مجال ہے کان پر جوں بھی رینگے، یہ ہی نظام میں تبدیلی ہے۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ رنگ روڈ معاملے میں وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ہائوسنگ سوسائٹیز کو فائدہ پہنچانے کیلئے رنگ روڈ کو 23 کلومیٹر تک بڑھایا گیا اس فیصلے سے حکومت کو 20 ارب روپے اضافی زمین کی خریداری کی مد میں دینے پڑے۔وفاقی وزیر نے بتایاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کو کہا گیا ہے تحقیقات کریں، کمشنر راولپنڈی کو کہا گیا کہ معاملے کو دیکھیں،کمشنر نے ابتداء تحقیقات میں ان اطلاعات کی تصدیق کی ان کی ابتداء رپورٹ کے مطابق سابق کمشنر راولپنڈی اور ان کے ساتھ مزید افسران اس اسکینڈل میں شریک تھے۔

چوہدری فواد حسین نے کہاکہ مزید تحقیقات کیلئے معاملہ متعلقہ اداروں کو بھیجا جائے۔فواد چوہدری نے کہاکہ تمام شہری قانون کی نظر میں برابر ہیں،اب چاہے وہ اپوزیشن کے رہنما ہوں یا کابینہ کے رکن افسر شاہی سے تعلق رکھتے ہوں یا کسی بھی ادارے سے،الزامات لگیں گے تو تحقیقات ہوں گی، یہی نظام کی تبدیلی ہے جس کا وعدہ تھا۔