مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے وزیراعظم کی میٹنگ کے منٹس میڈیا کے سامنے پیش کر دئے

رنگ روڈ منصوبے میں زلفی بخاری کو نوازنے کےلیے عمران خان کی ہدایات کا لیٹر موجود ہے۔ عطا تارڑ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 18 مئی 2021 13:09

مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے وزیراعظم کی میٹنگ کے منٹس میڈیا کے سامنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 مئی 2021ء) : مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے وزیراعظم عمران خان کی میٹنگ کے منٹس میڈیا کے سامنے پیش کر دئے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے وزیراعظم عمران خان کے میٹنگ منٹس میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے کہا کہ رنگ روڈ منصوبے میں زلفی بخاری کو نوازنے کے لیے عمران خان کی ہدایات کا لیٹر موجود ہے۔

عطاتارڑ نے قومی احتساب بیورو (نیب) عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہائیکورٹ نے شہبازشریف کی درخواست پر اعتراض ہٹا دیا ہے، شہبازشریف پر ایک دھیلے کی کرپشن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کرپشن میں ڈوبا ہوا ہے، شہبازشریف ان کے اعصاب پر سوار ہیں، کسی قسم کا اختیار سے تجاوز سامنے نہیں آیا، عمران خان کو صبح شام شہبازشریف یاد آتے ہیں۔

(جاری ہے)

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ عمران خان کی میٹنگ منٹس کی کاپی آ چکی ہے، چینی کی قلت کے باوجود آپ نے چینی باہر بھجوانے کی اجازت دی۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں اجلاس کا ایجنڈا 14 نکات پر مشتمل ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب پر تبادلہ خیال ہوگا اور فلسطین کی موجودہ صورتحال پر بھی بات چیت ہوگی وفاقی کابینہ کرتارپور راہداری منصوبے کو پیپرا رولز سے استثنی دینے کی منظوری دے گی جبکہ اقوام متحدہ کی چار گاڑیوں کو پاکستان کے راستے کابل لے جانے کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

پاک چین سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر یادگاری سکہ جاری کرنے کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے ریلوے پولیس کے دائرہ اختیار سے متعلقہ ایس آر اوز جاری کرنے اور الیکشن کمیشن کی سالانہ رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔