ٹی ٹونٹی میچز کیلئے ٹیسٹ کی قربانی پر انضمام الحق پی سی بی سے خفا

آئی سی سی اور بورڈز پیسے کی دوڑ چھوڑیں، کھلاڑیوں نے بھی یہی سوچ اپنا لی تو آپکو تکلیف ہوگی :سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 18 مئی 2021 13:23

ٹی ٹونٹی میچز کیلئے ٹیسٹ کی قربانی پر انضمام الحق پی سی بی سے خفا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 مئی 2021ء ) دورہ ویسٹ انڈیز میں ٹی ٹونٹی میچز کیلئے ٹیسٹ کی قربانی پرانضمام الحق پی سی بی سے خفا ہو گئے۔ پاکستان ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز میں 3ٹیسٹ میچز میں سے ایک کم کرکے ٹی ٹونٹی 3 سے بڑھا کر 5 کیے گئے ہیں، پی سی بی کے مطابق رواں سال شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے مختصر فارمیٹ کے زیادہ مقابلوں کو ترجیح دی گئی۔

اپنے یو ٹیوب چینل پر اس حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے 51 سالہ انضمام الحق نے کہاکہ مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ یہ قدم پیسے کمانے یا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تیاری کو سامنے رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے لیکن اس کے لیے ٹیسٹ میچ کی قربانی نہیں دینی چاہیے تھی۔ سابق کپتان نے کہا کہ محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تو ان پر سخت تنقید کی گئی کہ انہوں نے ٹی ٹونٹی لیگز کی کمائی کیلئے یہ قدم اٹھایا ہے، وہاب ریاض ریٹائر ہوئے تو ان کے بارے میں بھی یہی سوچ تھی لیکن اب پی سی بی بھی مختصر فارمیٹ کی کرکٹ کیلئے ٹیسٹ کی قربانی دے کر یہی پیغام دے رہا ہے، اس طرح کے اقدامات کرکے آپ کرکٹرز سے طویل فارمیٹ نہ چھوڑنے کی توقع کیسے کرسکتے ہیں؟اس لحاظ سے تو محمد عامر اور وہاب ریاض کا بھی طویل فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ غلط نہیں تھا۔

(جاری ہے)

انضمام الحق نے کہا کہ آئی سی سی اور بورڈز پیسے کی دوڑ چھوڑیں، اگر کھلاڑیوں نے بھی یہی سوچ اپنا لی تو سب کو بہت تکلیف ہوگی، اگر پاکستانی ٹیم کو ورلڈ کپ کی تیاری کے پیش نظر زیادہ ٹی ٹونٹی میچز کھیلنا تھے تو ان کی تعداد میں اضافہ کرلیتے، ایسا ٹیسٹ میچ کم کیے بغیر بھی ہوسکتا تھا، پریکٹس تو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کیخلاف میچز میں بھی ہوجاتی، ٹیسٹ میچز کی اہمیت کو نظر انداز کرنے کی سوچ مستقبل میں ہماری کرکٹ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچائے گی۔