ضمنی الیکشن ہارا نہیں میری شکست میںپی پی کی کرشمہ سازی شامل ہے ، مفتاح اسماعیل

حلقے کے عوام نے کھل کر مسلم لیگ(ن) کی حمایت کی انتخابی نتائج رات کی تاریکی میں تبدیل ہوئے ،عید ملن سے خطاب

منگل 18 مئی 2021 16:44

ضمنی الیکشن ہارا نہیں میری شکست میںپی پی کی کرشمہ سازی شامل ہے ، مفتاح ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2021ء) مسلم لیگ (ن) سندھ کے جنرل سیکریٹری اور NA-249ضلع کیماڑی سے اُمیدوار مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ NA-249 ضمنی الیکشن اخلاقی طور پر ہم جیت چکے ہیں حلقے میں ہمارا اصل مقابلہ PTI سے تھا ۔ پیپلز پارٹی دور دور تک نظر نہیں آتی تھی الیکشن نتائج نے سب کو حیران کرکے رکھ دیا ۔ ان خیالات اظہار انہوں نے PS-116ضلع کیماڑی کے صدر حاجی صالحین تنولی کی عید ملن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کے بعد NA-249کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کا غیر جمہوری رویہ کھل کر قوم کے سامنے آگیا ۔ پارلیمنٹ کی نشستوں کے لئے پیپلز پارٹی نے جو کھیل کھیلا اس سے جمہوری قوتوں کے سرشرم سے جھک گئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حلقے کی عوام نے ہم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہر طبقہ فکر کے ووٹرز نے مسلم لیگ (ن) کی نہ صرف کھل کر حمایت کی بلکہ ووٹ بھی کاسٹ کرکے نواز لیگ پر اعتماد کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے اس تاثر کی تردید کی کہ میری شکست میں پختون فیکٹر شامل تھا انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پختون ووٹرز اور عہدیداران نے مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کے لئے دن رات ایک کیا اور انتخابی مہم کی کامیابی میں بڑھ کر حصہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ میری کامیابی کو شکست میں بدلنے کے لئے پیپلز پارٹی کی کرشما سازی شامل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ضمنی الیکشن کو RO، پریزائیڈنگ آفسر کا الیکشن کیا جائے تو بے جا نہیں ہوگا۔

RO کا رویہ ہر سطح پر جانب دارانہ دکھائی دیا جس کے خلاف ہم نے الیکشن کمیشن میں درخواست بھی دی مگر اُس کا نوٹس نہیں لیا گیا ۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی الیکشن میں متوالوں نے جس جذبے و لگن سے کام کیا وہ سہرائے جانے کے قابل ہے ۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ NA-249 کا حلقہ بنیادی سہولیات سے محروم حلقہ ہے ۔

مواصلات ، بجلی، سیورج اور پینے کے پانی کے دیرینہ مسائل ہیں جس پر پیپلز پارٹی کی حکومت نے سندھ میں اپنے 30 سالہ اقتدار کے دوران کچھ نہیں کیا پورا ضلع ٹینکر مافیاء کے قبضہ میں ہے واٹر بورڈ کی آشیر باد سے ٹینکر مافیاء یہاں کی عوام کو لوٹنے میں مصروف ہے جسے صوبائی حکومت کی سرپرستی حاصل ہے ۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ وہ الیکشن ہارے نہیں حلقے کی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے یہاں کے سلگتے مسائل کے حل کیلئے آواز اٹھاتے رہیں گے ۔

ضلع کیماری کے صدر و میزبان حاجی صالحین تنولی کی عید ملن تقریب میں شہباز شریف سیکریٹریٹ کے انچارج خواجہ غلام شعیب، دین محمد لغاری، غلام مصطفی ایڈوکیٹ، قاضی زاہد، رانا وارث، امتیاز خان، عبدالحمید بٹ، اکرم اعوان ، مخدوم حق نواز قریشی، راجہ عمران ، طارق علی خان، سلمان خان، عظیم جاپانی، عظمت اللہ نیازی، ارشاد عالم، حاجی پرویز تنولی، قدیم شاہ، دلدار کھوکھر، نوشاد تنولی، ملک آصف، عظیم قادری، ملک فاروق، بابا عبدالودود ودیگر نے کی شرکت کی ۔

اس موقع پر دین محمد لغاری نے فلسطین پر اسرائیلی ظلم اور بربریت کے خلاف ، میاں شہباز شریف کو باہر جانے سے روکنے کی مذمت اور NA-249 میں حکومت سے پانی فراہم کرنے کی قرار دادیں پیش کی۔ میزبان حاجی صالحین تنولی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔