پنجاب سے نفرت کی وجہ سے پیپلز پارٹی اندرون سندھ کی جماعت بن کر رہ گئی

پانی کی قلت پربلاول زرداری کے دھرنے کا بیان قابل مذمت ہے،ڈاکٹر عبدالغفور راشد ذوالفقار علی بھٹو کے بعد پی پی پی قیادت نے پنجاب اور پنجابیوں سے نفرت کی سیاست کو فروغ دیا

منگل 18 مئی 2021 18:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2021ء) نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میںپنجاب سندھ سرحد پر دھرنا دینے کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھٹو خاندان کی سیاست کا مرکز صوبائی اور لسانی تعصب اور پنجاب سے نفرت ہی رہا ہے، جس کی وجہ سے اب پیپلز پارٹی صرف اندرون سندھ کی جماعت بن کر رہ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرآبپاشی پنجاب واضح کرچکے ہیں کہ پانی کی قلت سندھ میں چار فیصد اور پنجاب میں 16 فیصد ہے اور پنجاب سندھ کو اپنے حصے کا پانی کپاس کی کاشت کے لئے دے چکا ہے ۔ اب پنجاب کی کپاس کی باری ہے تو اپنا پانی استعمال کررہا ہے۔ لیکن ہٹ دھرمی افسوسناک ہے۔ میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان میں ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہر قسم کے تعصبات سے پاک سیاست کا دعویٰ کرتی ہے مگرلگتا ہے کہ پنجاب سے نفرت ، اس کے خمیر میں ہے ۔

(جاری ہے)

کالا باغ ڈیم سمیت ملک کے سب سے بڑے صوبے میں قومی سطح کے ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت سے پیپلز پارٹی اپنا سندھی تعصب کا ووٹ برقرار رکھنے کے لئے پنجاب سے نفرت کی سیاست کرکے خود کو مزید محدود کررہی ہے۔انہوں نے مشورہ دیا کہ پیپلزپارٹی ایم کیو ایم ، جئے سندھ تحریک اور پونم بننے سے گریز کرے ،ورنہ رہی سہی پارلیمانی نمائندگی سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے گی۔

ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے یاد دلایا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے لاہور سے اپنی جماعت پیپلز پارٹی کا آغاز کیا مگر ان کے بعد آنے والی قیادت میں پنجاب اور پنجابیوں سے نفرت کی سیاست کو فروغ دیاگیا، جس کے باعث پیپلز پارٹی کا صفایا ہو گیااوربلاول بھٹوزرداری کو سمجھ آ جانی چاہیے کہ نفرت کی سیاست کا پاکستان میں کوئی ٹھکانا نہیں۔