ملک میں پانی کا بحران مزید سنگین ہوگیا

حالات نارمل ہونے تک پانی کے استعمال میں احتیاط برتی جائے۔ ارسا نے صوبوں کو ہدایات جاری کر دیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 20 مئی 2021 15:48

ملک میں پانی کا بحران مزید سنگین ہوگیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 مئی 2021ء) : ملک بھر میں پانی کا بحران مزید سنگین ہو گیا ہے اور اس حوالے سے ارسا نے چاروں صوبوں کو ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کے مطابق صوبوں کو پانی کا شارٹ فال 25 سے 30 فیصد تک پہنچ سکتا ہے۔ اس وقت پنجاب اور سندھ کو 18 فیصد شارٹ فال کا سامنا ہے جبکہ گلیشئرز پر درجہ حرارت نہ بڑھنے سے صورتحال سنگین ہوسکتی ہے۔

حالات نارمل ہونے تک پانی کے استعمال میں احتیاط برتی جائے۔ تربیلا اور منگلا میں پانی کی آمد سے زیادہ اخراج جاری ہے جبکہ منگلا سے سندھ کو 8000 کیوسک پانی کی فراہمی بڑھا دی گئی ہے۔ اخراج 50 ہزار کیوسک سے بڑھا کر 58 ہزار کیوسک کر دیا گیا۔ ارسا نے پنجاب سے تعاون کی درخواست بھی کی کہ اس حوالے سے پنجاب کا محکمہ آبپاشی اپنے فیلڈ اسٹاف کو آگاہ کر دے۔

(جاری ہے)

منگلا سے پانی کا اخراج بڑھانے سے تربیلا پر بوجھ کم ہوجائے گا اور 27 مئی تک پنجند سے نیچے کم ازکم 5 ہزار کیوسک پانی جانے دیا جائے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز بھی ملک بھر میں پانی کے ذخیرے سے متعلق ارسا نے خبردار کیا تھا۔ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کے ترجمان خالد رانا کے مطابق ملک بھر کے ڈیموں میں پانی کا ذخیرہ 7 سے 8 روز کا رہ گیا ہے۔ پانی کی دستیابی سے متعلق صورتحال 3 سے چار روز میں واضح ہو گی تاہم یہ بتانا قبل از وقت ہو گا کہ ملک میں فصل خریف کو پانی کی کتنی قلت آ سکتی ہے۔

خالد رانا کا کہنا ہے کہ ڈیموں میں 10 لاکھ ایکڑ فٹ سے زیادہ پانی موجود ہے جو سات سے آٹھ روز کے لیے کافی ہے۔ارسا کی جانب سے الرٹ جاری ہونے کے بعد مسلم لیگ ق کے سینئیر رہنما مونس الٰہی نے بھی مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ انتہائی تشویش ناک اطلاع ہے کہ ملک بھر کے ڈیموں میں صرف 7 سے 8 دن کا پانی باقی رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی اندھی تقلید میں کالا باغ ڈیم پر تنقید کرنے والو اب تو آنکھیں کھولو۔ اپنا نہیں تو اپنی آنے والی نسلوں کا سوچو۔ انہوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا نعرہ بھی لگایا اور کہا کہ کالا باغ ڈیم بناؤ ملک بچاؤ!