نثار کھوڑو، جمیل سومرو ہر ٹینڈر پر کمیشن لیتے ہیں: رحمت اللہ ابڑو

جمعرات 20 مئی 2021 17:25

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2021ء) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے بھائی رحمت اللہ ابڑو نے نثار کھوڑو اور جمیل سومرو پر کمیشن لینے کے الزامات لگاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لوگ ہر ٹینڈر پر 20 سے 30 فیصد کمیشن وصول کرتے ہیں۔ایڈیشنل سیشن جج لاڑکانہ کی عدالت میں ٹھیکیدار رحمت اللہ ابڑو کو پیش کیا گیا جہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمت اللہ ابڑو نے الزام لگایا کہ پیپلز پارٹی والے ٹھیکوں میں مقابلوں کے بجائے چور دروازے سے صرف اپنا کمیشن لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مختلف منصوبوں کے لیے کھلے ٹینڈر این آئی ٹی کے بجائے رشوت اور اقربا پروری کی بنیاد پر منظورِ نظر اور پیپلز پارٹی سے وابستہ ٹھیکیداروں کو الاٹ کیئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

رحمت اللہ ابڑونے کہا کہ نثار کھوڑو اور جمیل سومرو ہر ٹینڈر پر 20 سے 30 فیصد کمیشن وصول کرتے ہیں، اگر کھلے ٹینڈر این آئی ٹی ٹھیکیداروں میں مقابلوں سے دئیے جائیں تو منصوبوں کی لاگت میں نمایاں کمی آسکتی ہے لیکن پیپلز پارٹی کرپشن کی وجہ سے ایسا نہیں چاہتی۔

واضح رہے کہ رحمت اللہ ابڑو کو گزشتہ روز پروونشل بلڈنگز کے ایگزیکٹو انجینئر آفتاب ابڑو کی ایف آئی آر کے اندراج کے بعد سول لائن پولیس نے گرفتار کیا تھا۔علاوہ ازیں رحمت اللہ ابڑو کو لاڑکانہ میں سیشن جج کی عدالت میں پیش کیا گیا۔عدالت میں انہوں نے کہا کہ مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، نثار کھوڑو اور جمیل سومرو ہر ٹینڈر میں 20 سے 30 فیصد کمیشن وصول کرتے ہیں۔لاڑکانہ کی سیشن عدالت نے رحمت اللہ ابڑو کو 14 دن کے ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔