Live Updates

حلیم عادل شیخ کار سرکار میں مداخلت کے مقدمے میں وکلاء اور ساتھیوں سمیت پیش

افسوس کا عالم ہے بلاول ہاؤس کی بھینسیں پیڑے کھارہی ہیں اور تھر میں بچے بھوک سے مررہے ہیں ،اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کی گفتگو

جمعرات 20 مئی 2021 22:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ ملیر میں تجاوزات آپریشن کے خلاف ایم نائن موٹروے بلاک کرنے اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمے میں وکلاء اور ساتھیوں سمیت پیش ہوئے ملزمان کی جانب سے حاضری سے استثناء کی درخواست جمع کرائی گئی عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 18 جون تک ملتوی کردی سماعت کے بعد ملیر کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ افسوس کا عالم ہے بلاول ہاؤس کی بھینسیں پیڑے کھارہی ہیں اور تھر میں بچے بھوک سے مررہے ہیں سندھ حکومت کے وزراء خود پریشان ہیں کیا بیان دیے جائیں مرتضیٰ وہاب صاحب لگتا ہے خود ہی اکیلے ان بھینسوں کا دودھ پیتے ہیں بھینسوں کی وجہ سے پڑوسیوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے عمران خان نے جب بھینسیں پالنے کا کہا تو ان کا مذاق اڑایا گیا لیکن بلاول ہاؤس میں بھینسیں پالنا جائز ہے غریب کو دینا غلط بات ہے بلاول صاحب جب کرپشن کی بات کرتے ہیں تو ہنسی آتی ہے بلاول آپ کی اپنی حکومت ناک تک کرپشن میں ڈوبی ہوئی ہے اپوزیشن لیڈر کو سیاسی دہشتگرد بنادیا گیا ہے ایسا صرف سندھ میں ہی ممکن ہے جھوٹے مقدمات بنانے کا سلسلہ جاری ہے ہم عدالتوں اور انصاف پر یقین رکھتے ہیں ان جھوٹے مقدمات سے سرخرو ہونگے سندھ میں اس وقت بدامنی ہے لوگ مارے جارہے ہیں ڈاکو جدید اسلحہ لیکر ٹک ٹاک وڈیوز بنارہے ہیں لیکن ساری صورتحال میں آئی جی سندھ چھپ کربیٹھے ہوئے ہیں لاڑکانہ سمیت پوری سندھ میں جعلی ٹینڈرز کے ذریعے جعلی ٹھیکے دیے جارہے ہیں ان کے خلاف اواز بلند کرنے پر کل لاڑکانہ میں ہمارے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے بھائی پر تشدد کرکے جھوٹا مقدمہ درج کراکے انہیں گرفتار کرایا گیا لیکن دس دس شہریوں کے قتل میں ملوث ڈاکوؤں کو گرفتار کرنے کی ہمت ان میں نہیں سندھ میں جنگل کا قانون ہے ضلع شرقی میں ٹراما سینٹر پر پیپلزپارٹی کے عہدیدار نے قبضہ کیا پوری سندھ کی زمینیں بیچ دی گئی اور بیچ رہے ہیں لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں اسرائیلی جارحیت کے خلاف شریف برادران خاموش ہیں پی ڈی ایم کی گیارہ جماعتوں میں سے اسرائیل کے خلاف کوئی بات نہیں کررہا ہے وجہ یہ ہے کہ منی لانڈرنگ کے اربوں روپے آف شور کمپنیوں میں موجود ہیں یہ ڈرتے ہیں کہ اگر آقاؤں کے خلاف بات کی تو انکے پیسے ضبط ہوجائیں گے انہوں نے فاروڈ بلاک کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ راجہ ریاض اپنی حد میں رہیں انہیں اپنی حیثیت معلوم ہونی چاہیے جب وہ پیپلزپارٹی میں تھے تو انہیں 17 ہزار ووٹ ملے تھے اس دفعہ اگر لاکھوں ووٹ ملے ہیں تو وہ صرف عمران خان کی وجہ سے ملے ہیں فارورڈ بلاک کے اپنے مسائل ہوسکتے ہیں کوئی بھی بلاک عمران خان کے خلاف نہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب تحریک انصاف نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے آج سندھ بھر میں احتجاج کی کال دے دی تمام پریس کلبز کے باہر پرامن احتجاج کیے جائیں گے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حیدرآباد میں مرکزی احتجاج کی قیادت کریں گے اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ملک بھر کی طرح سندھ میں بھی فلسطین سے اظہار یکجہتی کرے گی تمام ریجنل اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاج منعقد ہونگے جمعے کی نماز کے بعد تحریک انصاف کے کارکنان اپنے شہر کی پریس کلب کے باہر جمع ہونا شروع ہونگے تمام شرکاء کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیں گے مظلوم فلسطینیوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا وزیر اعظم مسئلہ فلسطین پر مسلم امہ کو کٹھا کررہے ہیں امت مسلمہ ملکر اسرائیل کی بربریت اور غاصبانہ قبضے کو شکست دیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات