سینیٹر رحمان ملک کی فلسطینی سفیر احمد رفیع سے ملاقات ، یکجہتی کا اظہار

اسرائیلی حملوں میں مظلوم فلسطینیوں کی شہادتوں پر دلی دکھ، رنج اور افسوس ہو رہا ہے،سابق وزیرداخلہ

جمعرات 20 مئی 2021 23:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2021ء) سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے فلسطینی سفارت خانے آمد اور فلسطینی سفیر احمد رفیع سے ملاقات و اظہار یکجہتی کا اظہار کیا اور انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں مظلوم فلسطینیوں کی شہادتوں پر دلی دکھ، رنج اور افسوس ہو رہا ہے،فلسطین کے بہادر اور نڈر عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے آیا ہوں، پاکستانی قوم اپنے فلسطینی بھائی بہنوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، رحمان ملک نے کہا کہ اسرائیلی ظلم و بربریت کی جتنی بھی مذمت کیجائے کم ہے، اب تک اسرائیلی حملوں میں 220 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں،63 سے زائد بچوں کی شہادت پر دل خون کے آنسو روتا ہے،اقوام متحدہ سمیت تمام نام نہاد تہذیب یافتہ دنیابے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام پر خاموش ہیں، رحمان ملک نے کہا کہ آج میں نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو امن وفد تشکیل دینے کے لئے خط لکھاہے،وقت آگیا ہے کہ سکریٹری جنرل اقوام متحدہ فلسطینیوں کی فریاد سنیں ،امن وفد تمام مذاہب، سیاسی شخصیات، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے نمائیندوں پر مشتمل ہو،وفد فوری طور پر یروشلم اور تل ایبب کا دورہ کرکے ذمہ داروں سے بات چیت کرے،وفد اسرائیل کیطرف سے جاری حملوں کو فوری طور پر رکوا کر فائربندی کروائے، رحمان ملک نے کہا کہ وفد فلسطین اور اسرائیل کے مابین مستقل امن کے لئے اقدامات کا اعلان کرے، کرتارپور کی ماڈل پر مسجد اقصیٰ میں بھی کوریڈور بننا چاہیئے،جب تک مسئلہ فلسطین حل نہیں ہوتا امن افواج مسجد اقصیٰ کی سیکورٹی حوالے کیجائے،اسرائیل دنیا کو تیزی سے تیسری جنگ عظیم کی طرف دھکیل رہا ہے،۔