4 نامعلوم افراد کی حسن نواز کے دفتر میں داخل ہونے کی کوشش

نوازشریف بھی دفتر میں موجود تھے، نقاب پوش افراد نے نوازشریف کے گارڈز کے ساتھ بحث وتکرار بھی کی، لندن پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 21 مئی 2021 21:52

4 نامعلوم افراد کی حسن نواز کے دفتر میں داخل ہونے کی کوشش
لندن (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مئی2021ء) لندن 4 نامعلوم نقاب پوش افراد نے حسن نواز کے دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کی،ان افراد نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کے گارڈز کے ساتھ بحث وتکرار بھی کی، لندن پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قائد مسلم لیگ ن اورسابق وزیراعظم محمد نوازشریف کے صاحبزادے حسن نواز کے لندن دفتر میں نامعلوم افراد نے داخل ہونے کی کوشش کی،اس موقع پر اسحاق ڈار اور عابد شیر علی بھی دفتر میں موجود تھے،حسن نواز کے دفتر آنے والے افراد نے نوازشریف گارڈز کے ساتھ بحث وتکرار بھی کی۔

نوازشریف کے گارڈز نے پولیس بلائی تو چاروں افراد وہاں سے چلے گئے۔
 پولیس نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

(جاری ہے)

مزید بتایا گیا ہے کہ مزید برآں ن لیگی رہنماؤں عابد شیر علی، راشد نصراللہ اور ناصر بٹ نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا کہ ن لیگی رہنماؤں نے ان افراد کے ساتھ کافی بحث بھی کی۔ وہاں موجود ن لیگی رہنماؤں نے کہا کہ نواز شریف کی موجودگی میں ان غنڈہ افراد نے دفتر کے اندر گھسنے اور حملہ کرنے کی کوشش کی۔

 انشااللہ ہم حق پر کھڑے ہیں اور آخری سانس تک کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ محمد نواز شریف پر قاتلانہ حملہ کرنے والوں نے بتایا کہ ہمیں پیسے دے کر بھیجا گیا ہے، حملے کے وقت نواز شریف صاحب دفتر میں موجود تھے۔دوسری جانب نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے اپنے ردعمل میں کہا کہ نواز شریف کی زندگی کے ساتھ دوران حراست کھلواڑ کرنے والے اب تک باز نہیں آئے۔نواز شریف کا مقابلہ اس سوچ سے ہے جس نے میری بیمار والدہ کی تصویریں بنانے کی کوشش کی،ہوٹل میں میرے کمرے کا دروازہ توڑا اور آج پھر نواز شریف پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی۔ خدا کسی کو کم ظرف اور بزدل دشمن نہ دے۔