نوازشریف کی زندگی کے ساتھ دورانِ حراست کھلواڑ کرنے والے ابھی باز نہیں آئے

آج پھر نوازشریف پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی گئی، خدا کسی کو کم ظرف اور بزدل دشمن نہ دے۔ نائب صدر ن لیگ مریم نواز کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 21 مئی 2021 21:59

نوازشریف کی زندگی کے ساتھ دورانِ حراست کھلواڑ کرنے والے ابھی باز نہیں ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مئی2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف کی زندگی کے ساتھ دوران حراست کھلواڑ کرنے والے باز نہیں آئے، آج پھر نوازشریف پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی گئی، خدا کسی کو کم ظرف اور بزدل دشمن نہ دے۔ انہوں نے لندن میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے چار نامعلوم افراد کے حملہ کرنے کے ردعمل پر کہا کہ نوازشریف کی زندگی کے ساتھ دوران حراست کھلواڑ کرنے والے اب تک باز نہیں آئے۔

نواز شریف کا مقابلہ اس سوچ سے ہے جس نے میری بیمار والدہ کی تصویریں بنانے کی کوشش کی، ہوٹل میں میرے کمرے کا دروازہ توڑا اور آج پھر نواز شریف پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ خدا کسی کو کم ظرف اور بزدل دشمن نہ دے۔

(جاری ہے)


 دوسری جانب لندن میں موجود لیگی رہنماؤں نے اس حوالے سے ٹویٹر پر معلومات شیئر کیں کہ قائد مسلم لیگ ن اورسابق وزیراعظم محمد نوازشریف کے صاحبزادے حسن نواز کے لندن دفتر میں نامعلوم افراد نے داخل ہونے کی کوشش کی،اس موقع پر اسحاق ڈار اور عابد شیر علی بھی دفتر میں موجود تھے، حسن نواز کے دفتر آنے والے افراد نے نوازشریف گارڈز کے ساتھ بحث وتکرار بھی کی۔

نوازشریف کے گارڈز نے پولیس بلائی تو چاروں افراد وہاں سے چلے گئے۔ پولیس نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ 

مزید بتایا گیا ہے کہ مزید برآں ن لیگی رہنماؤں عابد شیر علی، راشد نصراللہ اور ناصر بٹ نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا کہ ن لیگی رہنماؤں نے ان افراد کے ساتھ کافی بحث بھی کی۔

وہاں موجود ن لیگی رہنماؤں نے کہا کہ نواز شریف کی موجودگی میں ان غنڈہ افراد نے دفتر کے اندر گھسنے اور حملہ کرنے کی کوشش کی۔ انشااللہ ہم حق پر کھڑے ہیں اور آخری سانس تک کھڑے رہیں گے۔ 

انہوں نے الزام عائد کیا کہ محمد نواز شریف پر قاتلانہ حملہ کرنے والوں نے بتایا کہ ہمیں پیسے دے کر بھیجا گیا ہے، حملے کے وقت نواز شریف صاحب دفتر میں موجود تھے۔