ًکراچی،بیت المقدس پر اسرائیل کی جانب سے مسلسل حملے ناقابل برداشت ہیں ، محمد اسلم غوری

جمعہ 21 مئی 2021 23:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2021ء) بیت المقدس پر اسرائیل کی جانب سے مسلسل حملے ناقابل برداشت ہیں ، قبلہ اول مسجد اقصی امت مسلمہ کی محبتوں اور عقیدتوں کا مرکز ہے۔ مسلمان مسجد اقصیٰ کی ناموس پر کوئی حرف آنے نہیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات محمد اسلم غوری نے جمعیت علماء اسلام کے تحت کراچی پریس کلب پر ہونے والے یوم فلسطین کے حوالے سے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مظاہرے سے مرکزی سالار انجینئر عبدالزاق عابد لاکھو ، قاری محمد عثمان ، صوبائی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات محمد سمیع الحق سواتی ، بزنس فورم کے وائس چیئرمین بابر قمر عالم، ضلعی امراء مولانا عمر صادق ، مولانا فتح اللہ ، مولانا عبدالحق عثمانی، مولانا عبدالرشید نعمانی، مولانا حسین احمد، مولانا احسان اللہ ٹکروی کے علاوہ جمعیت طلباء کے سید زاہد شاہ ہاشمی ، فاروق سید حسن زئی ، مولانا فخرالدین رازی، قاری فیض الرحمن عابد، قاری نورالامین، مولانا زرین شاہ، مولانا اجمل شیرازی، مفتی فیض الحق ، جمال خان کاکڑ ، عبیدالرحمن قمر اور تنظیم العلماء کے قاری اللہ داد نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مظاہرے میں کراچی بھر سے جمعیت علماء اسلام کے کارکنان اور عوام الناس نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور پینافلیکس اٹھا رکھے تھے جس پر فلسطین کی حمایت اور اسرائیل مخالفت میں نعرے درج تھے۔ واضح رہے جمعتہ المبارک کو ملک بھر میں جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان کے حکم پر جے یوآئی کے تحت یوم فلسطین منایا گیا اور اسرائیلی درندگی کیخلاف ملک بھر مظاہرے کئے گئے ، مولانا فضل الرحمان پشاور میں جبکہ سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری راولپنڈی میں مظاہروں کی قیادت کررہے ہیں۔

کراچی میں مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات محمد اسلم غوری نے کہا کہ ہم فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ بیت المقدس پر اسرائیل کی جانب سے مسلسل حملے ناقابل برداشت ہیں ،او آئی سی اور مسلم ممالک کے حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عالمی سطح پر اس ظلم و بربریت کے خلاف آواز بلند کرے۔

نہتے فلسطینی مسلمان بے سروسامان کے عالم میں ناجائز یہودی ریاست کے قیام رکاوٹ بنے ہوئے ہیں ، فلسطینی مسلمانوں کو قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،اس موقع پر دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ایک دہشت گرد ملک ہے اور اس کی دہشت گردی نے پورے عالم اسلام کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔ اسرائیل کو تسلیم کرنے والے مسلم ممالک کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں ، فلسطین پر اسرائیل کا ناجائز قبضہ امت مسلمہ کو کسی صورت قبول نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ قبلہ اول مسجد اقصی امت مسلمہ کی محبتوں اور عقیدتوں کا مرکز ہے مسلمان مسجد اقصیٰ کی ناموس پر کوئی حرف آنے نہیں دیں گے۔ مظاہرے میں شریک کارکنان وقفے وقفے سے اسرائیل مخالف نعرے بھی لگارہے تھے اور حکومت سے مطالبہ کررہے تھیکہ وہ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کرے اور بیت المقدس کی حرمت پر آنچ نہ آنے دیں۔جے یو آئی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ فلسطین میں امریکہ کی سرپرستی میں جاری دہشت گردی اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکہ سب سے بڑا اور عالمی دہشت گرد ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلم ممالک کے حکمران بیدار ہوں ، صرف مذمتوں سے کام نہیں چلے گا، اگر حکمران ہمیشہ کی طرح پھر غفلت کا مظاہرہ کرتے ہیں تو امت مسلمہ پوری دنیا میں اسرائیل کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروائے گی تاکہ ان حکمرانوں کو بیدار کرکے ان کے غیرت ایمانی کو جگایا جاسکے۔ مظاہرے میں شریک تمام شرکاء نے عہد کیا کہ جمعیت علماء اسلام فلسطینی بھائیوں کے ہرممکن قدم بقدم اور شانہ بشانہ حمایت جاری رکھے گی۔#