لندن ،نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کے دفتر میں نامعلوم افراد کی داخل ہونے کی کوشش ،شہباز شریف کی مذمت

نقاب پوش حملہ آوروں کا مسلح ہوکر نوازشریف پر مذموم حملے کی نیت سے دفتر میں گھس آنا لمحہ فکریہ ہے،اللہ تعالی کا شکر ہے قائد محفوظ رہے،صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی زندگی کے ساتھ دوران حراست کھلواڑ کرنے والے اب تک باز نہیں آئے،خدا کسی کو کم ظرف اور بزدل دشمن نہ دے،مریم نواز

جمعہ 21 مئی 2021 22:35

لندن/اسلا م آباد/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2021ء) لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کے دفتر میں نامعلوم افراد نے داخل ہونے کی کوشش کی ۔ سینٹرل لندن میں ماربل آرچ کے علاقے میں واقع حسن نواز کے دفتر میں نواز شریف، اسحاق ڈار اور عابد شیر علی بھی موجود تھے۔اس دوران دفتر میں نامعلوم افراد نے داخل ہونے کی کوشش کی ۔

حسن نواز کے دفتر پر آنے والے افراد نے نواز شریف کے گارڈز سے بحث بھی کی۔نواز شریف کے گارڈز نے پولیس بلائی تو چاروں افراد چلے گئے۔ لندن پولیس نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ حسن نواز کے دفتر میں حملے کی نیت سے زبردستی غنڈوں کا گھس آنا انتہائی قابل مذمت ، شرمناک او ر تشویشناک امر ہے،اللہ تعالی کا شکر ہے کہ قائد محمد نوازشریف اس حملے میں محفوظ رہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان نقاب پوش حملہ آوروں کا مسلح ہوکر محمد نوازشریف پر مذموم حملے کی نیت سے دفتر میں گھس آنا لمحہ فکریہ ہے ۔شہاز شریف نے کہا کہ لندن پولیس اور متعلقہ محکمہ اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائیں اور ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے، لندن مسلم لیگ (ن)کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس معاملے کی مکمل چھان بین کرائیں۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کی زندگی کے ساتھ دوران حراست کھلواڑ کرنے والے اب تک باز نہیں آئے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا مقابلہ اس سوچ سے ہے جس نے میری بیمار والدہ کی تصویریں بنانے کی کوشش کی،ہوٹل میں میرے کمرے کا دروازہ توڑا اور آج پھر نواز شریف پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہاکہ خدا کسی کو کم ظرف اور بزدل دشمن نہ دے۔