لالہ بوم بوم بھی وزیراعظم پر برس پڑے،عمران خان اب زرداری، نواز شریف کو چھوڑیں اور تبدیلی لے کر آئیں

پہلے عمران بھائی کی بات پر ساری قوم کھڑی ہو جاتی تھی اب انہیں وضاحت دینا پڑتی ہے، شاہد آفریدی

Sajjad Qadir سجاد قادر ہفتہ 22 مئی 2021 08:05

لالہ بوم بوم بھی وزیراعظم پر برس پڑے،عمران خان اب زرداری، نواز شریف ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 مئی 2021ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اب سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو چھوڑدیں اور وہ تبدیلی لے کر آئیں جس کے لیے ہم نے ووٹ دیا تھا۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مذکورہ بیان دیا اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

پروگرام میں اینکر کے سوال پر وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ' عمران بھائی جب وزیراعظم نہیں تھے تب وہ جو بات کرتے تھے ساری قوم کھڑی ہوجاتی تھی اب وہ اپنی چیزوں کی وضاحتیں بہت دیتے ہیں '۔انہوں نے کہا کہ 'عمران خان، زرداری اور نواز شریف کو چھوڑ دیں، ڈھائی سے 3 سال سے انہی کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں '۔

(جاری ہے)

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ 'میں نے جہاں بھی انہیں سنا ہے، وہ کسی بھی چیز کے افتتاح پر جاتے ہیں تو زرداری، نواز شریف کا نام لیتے ہیں '۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'اس چیز کو چھوڑدیں کہ پچھلی حکومتوں نے کیا کیا، آپ کیا کررہے ہیں؟ اللہ نے آپ کو یہ موقع دیا ہے آپ کرکے دکھائیں۔شاہد آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان وہ تبدیلی لے کر آئیں جس کے لیے ہم نے ووٹ دیا تھا، لوگوں کو عمران خان سے بہت امیدیں ہیں مگر انہیں سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا چاہے وہ اپوزیشن ہی کیوں نہ ہو'۔بوم بوم آفریدی نے مزید کہا کہ 'عمران خان نئے پاکستان کے بجائے پرانے پاکستان کو ٹھیک کرلیں، پرانا پاکستان برا نہیں ہے بس سب کو ساتھ لے کر چلیں، جو اچھا کام کررہا ہے میں ہر اس شخص کے ساتھ ہوں '۔

سیاست میں آنے سے متعلق سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ 'سچ کہوں تو اس طرف آنے پر نہ میرا دل مان رہا ہے نہ دماغ'۔ان کا کہنا تھا کہ سیاست دانوں کو سیاست کا مطلب پتا ہونا چاہیے، سیاست کا مطلب ہے حقدار کو اس کا حق دینا۔