شاہین آفریدی سے بیٹی کی بات پکی ہوگئی: شاہد آفریدی

شاہین کے والدین 2 سال سے رشتہ مانگ رہے تھے، بیٹی کے رشتے سے قبل شاہین سے کوئی رشتے داری نہیں تھی: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 22 مئی 2021 12:18

شاہین آفریدی سے بیٹی کی بات پکی ہوگئی: شاہد آفریدی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 مئی 2021ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں نوجوان کرکٹر شاہین شاہ آفریدی سے بیٹی کی بات پکی ہونے کی تصدیق کردی۔ 41 سالہ شاہد آفریدی سے عیدالفطر کیلئے دیے گئے خصوصی انٹرویو میں میزبان نے سوال کیا کہ پچھلے دنوں آپ کی بیٹی اور شاہین شاہ آفریدی کے رشتے کے حوالے سے خبریں سامنے آئی تھیں کیا وہ طے ہوگیا؟، کیا شاہین شاہ آفریدی آپ کے داماد بنیں گے؟۔

شاہد آفریدی نے پہلے الحمداللہ کہا اور اس کے بعد دوسرے سوال کے جواب میں انشاءاللہ کہتے ہوئے بیٹی کا رشتہ طے پانے کی تصدیق کی۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی سے بیٹی کے رشتے سے قبل کوئی رشتے داری نہیں تھی، ہمارے آفریدیوں کے 8 قبیلے ہیں، شاہین کا اورہمارا تعلق الگ الگ قبیلوں سے ہے۔

(جاری ہے)

سابق کپتان نے مزید بتایا کہ پچھلے 2 سالوں سے شاہین آفریدی کے والدین کی شدید خواہش تھی کہ بچوں کا رشتہ آپس میں طے کردیا جائے لہٰذا جلد ہی رشتہ طے کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کافی سوچ بچار کے بعد انہوں نے شاہین شاہ آفریدی کیلئے ہاں کہی اور وہ اپنے اس فیصلے سے مطمئن بھی ہیں۔ شاہد آفریدی نے بتایا کہ انہوں نے کہا کہ بیٹی ڈاکٹر بننا چاہتی ہے فی الحال یہ طے نہیں کہ وہ مزید تعلیم پاکستان میں حاصل کرے گی یا انگلینڈ میں جب کہ ساتھ ہی وہ فیشن ڈیزائننگ کورس بھی کررہی ہے،وہ بھی بیٹیوں کے بہتر مستقبل کیلئے ان کا ساتھ دیتے ہیں۔

خیال رہے کہ کچھ ماہ قبل قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے والد نے بتایا تھا کہ انہوں نے شاہین کے لیے شاہد آفریدی کی بیٹی کا رشتہ مانگا ہے اور قومی ٹیم کے سابق کپتان کے خاندان نے رشتہ دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔