پنشن دراصل سٹیٹ کی طرف سے ریٹائرڈ ملازم کا گزارہ الائونس ہے، غلام محمد ناز

جمعرات 27 مئی 2021 00:25

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2021ء) چیئرمین آل پاکستان لوکل گورنمنٹ پنشنرز ایسوسی ایشن غلام محمد ناز نے کہا ہے کہ پنشن دراصل سٹیٹ کی طرف سے 60 سال کی عمر کے بعد بے روز گار ہونے والے ایک سرکاری ملازم کا گزارہ الائونس ہے یہ وہ سرکاری ملازم ہے جس نے اپنی بھر پور جوانی کے دنوں میں اپنے ملک اور ادارہ کی خدمت کی ہے یہ کوئی خیرات بھی نہ ہے بلکہ دوران سروس حکومت اس کی خدمات اور اس کے مستقبل کے تحفظ کیلئے ایک فنڈ قائم کرتی ہے جس سے اسے اور اس کے خاندان کو معاشرہ میں باعزت زندگی گزارنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے جس کی ضمانت اسے ملک کے آئین نے عطا کی ہے اب آئی ایم ایف کے احکامات پر موجودہ حکومت جو انصاف دینے کے وعدہ پر اقتدار میں آئی تھی ملک کے ان بے کس و بے بس پنشنرز کی پینشن کا 10 فیصد بطور انکم ٹیکس وصول کرنے کی تجویز بجٹ میں لارہی ہے جس کی مخالفت ملک کی اپوزیشن پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کی ہے ہم اس کے لئے ان کے شکر گزار ہیں اور حکومتی اور اپوزیشن ارکان اسمبلی سے توقع کرتے ہیں وہ اس غیر منصفانہ تجویز کی بھر پور مخالفت کر کے اس تجویز کو مستردکریں گے ہمیں امید تھی کہ اس بجٹ میں ان مظلوموں کی پینشن میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

لیکن یہاں الٹی گنگا بہائی جارہی ہے پینشن میں اضافہ کی بجائے اس میں مزید کمی لانے کی بارے میں سوچا جارہا ہے انہوں نے وزیر اعظم عمران خان نیازی سے اپیل کی کہ وہ ازخود نوٹس لے کر اس ظالمانہ تجویز کو مسترد کردیں بصورت دیگرفیڈریشن اور پنشنرز ایسوسی ایشن اس اقدام کی بھر پور مزاحمت کرے گی