منشا بم اور اہل خانہ کیخلاف مزید 2 مقدمات کے اخراج کے لیے درخواست پر ٹائون شپ پولیس سے ریکارڈ طلب

جمعرات 27 مئی 2021 13:35

منشا بم اور اہل خانہ کیخلاف مزید 2 مقدمات کے اخراج کے لیے درخواست پر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2021ء) لاہور ہائیکورٹ نے منشا بم اور اس کے اہل خانہ کے خلاف مزید 2 مقدمات کے اخراج کے لیے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے تھانہ ٹائون شپ پولیس کو نوٹس جاری کرکے 23 جون کو مقدمات کا ریکارڈ طلب کر لیا،فاضل عدالت نے مقدمات کے مدعی سفیان کو بھی طلبی کے نوتس جاری کر دئیے ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راجہ شاہد محمود عباسی نے درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ان پرلوگوں کی پراپرٹی پر زبردستی قبضہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ۔یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ مقدمات کے مدعی سفیان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں ۔درخواست گزاران تمام افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیااورسپریم کورٹ کے حکم پر نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کر لیے گئے ۔مقدمہ کا ٹرائل انسداد دہشتگردی عدالت کے جج عبدالقیوم کی عدالت میں چلا لیکن پراسیکیوشن عدالت میں اپنا کیس ثابت نہ کر سکی ۔انسداد دہشت گردی کے جج نے 7 نومبر 2019 کوتمام اہل خانہ کو باعزت بری کر دیا ۔استدعا ہے کہ عدالت تمام اہل خانہ کے خلاف درج مقدمہ خارج کرنے کا حکم دے۔