امریکہ کو اڈے دیے جارہے ہیں،پارلیمنٹ بے خبر ہے

امریکی سینٹر سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان کے اڈوں کا سودا ہو رہا ہے، امریکہ کو اڈے دیے جارہے ہیں لیکن پاکستان کی پارلیمنٹ کو پتا نہیں۔لیگی رہنما احسن اقبال کی حکومت پر تنقید

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 29 مئی 2021 10:25

امریکہ کو اڈے دیے جارہے ہیں،پارلیمنٹ بے خبر ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 مئی2021ء) سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن احسن اقبال کا کہنا ہے کہ امریکہ کو اڈے دیے جارہے ہیں اور پاکستان کی پارلیمنٹ کو پتا نہیں۔اسلام آباد میں یوم تکبیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ امریکی سینٹر سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان کے اڈوں کا سودا ہو رہا ہے امریکہ کو اڈے دیے جارہے ہیں لیکن پاکستان کی پارلیمنٹ کو پتا نہیں۔

ن لیگ کی سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ پاکستان کو ترقی دیکھنی ہے تو اسے آئین کے مطابق چلانا ہوگا، یوم تکبیر کی جب بھی بات ہو گی نواز شریف کی بات ہوگی۔احسن اقبال نے کہا کہ یوم تکبیر ہمارے لئے یوم خودمختاری اور یوم وقار بھی ہے۔ ایٹمی دھماکوں کے فیصلے نے پوری دنیا میں پاکستان کا وقار بلند کیا۔

(جاری ہے)

ن لیگی رہنما نے کہا کہ آج بھارت کو یہ ضرورت نہیں کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے۔

نواز شریف نے پہلے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا پھر معیشت پر کام شروع کیا۔احسن اقبال کہنا تھا کہ نوازشریف سمجھتے تھے کہ معیشت مضبوط نہ ہوئی تو ایٹم بم بے سود ہے۔معیشت کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے سی پیک منصوبہ شروع کیا گیا۔خیال رہے کہ ) 28 مئی 1998 میں پاکستان کی طرف سے کیے گئے تاریخی ایٹمی تجربات کی یاد میں ’’یوم تکبیر ‘‘منایا گیا۔

اس دن بھارت کے ایٹمی دھماکوں کاجواب پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں پانچ ایٹمی دھماکے کر کے دیا تھا۔ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے عوام کو یوم تکبیر کے موقع پر مبارکباد دی گئی ہے۔قائد ن لیگ نواز شریف نے سمجای رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اے اہلِ وطن، آپ کو یومِ تکبیر مبارک!۔جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے یوم تکبیر کی سالگرہ پر قوم کو مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی ملک بھر میں عوام کے ساتھ مل کر 28 مئی کو یوم تکبیر کا دن قومی جذبے سے منائے۔