سعودی عوام کا مطالبہ مان لیا گیا، مساجد کے بیرونی لاؤڈ اسپیکرز کے استعمال پر پابندی لگا دی گئی

وزارت مذہبی امور کے مطابق صرف نماز جمعہ کے وقت بیرونی لاؤ ڈ اسپیکرز استعمال ہوں گے ، باقی نمازوں کے دوران اندرونی لاؤڈ اسپیکرز چلائے جائیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 29 مئی 2021 11:31

سعودی عوام کا مطالبہ مان لیا گیا، مساجد کے بیرونی لاؤڈ اسپیکرز کے استعمال ..
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29مئی2021ء ) سعودی عرب میں گزشتہ چند ہفتوں سے سوشل میڈیا پر مساجد کے بیرونی لاؤڈ اسپیکرز کے غیر ضروری استعمال پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے اہم خبر یہ ہے کہ عوام کا یہ مطالبہ مان لیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سعودیہ میں سوشل میڈیا پر 'مساجد کے بیرونی لاوٴڈ اسپیکروں میں نماز' کی ادائی کا معاملہ ٹاپ ٹرینڈ کرنے لگا۔

العربیہ نیوز کے مطابق سماجی کارکنوں نے وزارت مذہبی امور پر زور دیا تھا کہ نماز جمعہ کے سوا باقی تمام نمازوں کو مساجد کے بیرونی لاوٴڈ اسپیکروں پر ادا کرنے کے بجائے صرف اندورنی لاوٴڈ اسپیکروں پر ادا کرنے کا ضکم صادر کیا جائے۔ عام نمازوں میں صرف اذان اور اقامت کو بیرونی لاوٴڈ اسپیکروں پر ادا کیا جائے۔

(جاری ہے)

سماجی کارکنوں کا کہنا تھا کہ نماز جمعہ کے موقعے پربیرونی لاوٴڈ اسپیکروں کے استعمال کا جواز اس لیے ہوسکتا ہے کہ نمازیوں کی تعداد عام نمازوں کی نسبت زیادہ ہوتی ہے۔

بہت سے نمازی مساجد کے اندرونی لاوٴڈ اسپیکروں کی آواز نہیں سن پاتے اور ان تک امام کی آواز نہیں پہنچتی۔ اس کے علاوہ موجودہ وبا کے دوران چونکہ سماجی فاصلہ بھی ضروری ہے۔ اس لیے نماز جمعہ کے موقعے پر نماز میں بیرونی لاوٴڈ اسپیکروں کو کو استعمال کیا جانا چاہیے۔اسی سیاق میں وزارت مذہبی امور نے سوشل میڈیا پر عوام کے مطالبے کے بعد ملک بھر کی مساجد میں نماز جمعہ کے سوا دیگر تمام نمازوں کے موقعے پر مساجد کے بیرونی لاوٴ اسپیکرز بند کرنے کا حکم دیا ہے۔

عام نمازوں میں صرف اذان اور اقامت کے موقعے پر بیرونی لاوٴڈ اسپیکر استعمال کیے جاسکیں گے۔وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ مساجد کی انتظامیہ نے بیرونی لاوٴڈ اسپیکروں کے استعمال کے حوالے سے وضع کردہ طریقہ کار پر فوری طور پرعمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت مذہبی امور سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارم کے ذریعے مساجد میں لاوٴڈ اسپیکرکے استعمال کے حوالے سے جاری کردہ نئے احکامات پرعمل درآمد کی نگرانی کررہی ہے تاکہ نمازیوں کے خشوع وخضوع کی ہرممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔