ڈھائی پارٹیوں پر مشتمل پی ڈی ایم پیپلز پارٹی اور اے این پی کی واپسی کے خواب دیکھنا چھوڑ دے‘ فیاض الحسن چوہان

پوری دنیا پاکستان کی شرح نمو کی تعریف کر رہی ہے ، ’’ساون کی اندھی‘‘اپوزیشن کو صرف اپنے دور اقتدار کی طرح منفی سیاست ہی سوجھتی ہے

اتوار 30 مئی 2021 00:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2021ء) وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے اقتدار کے تقریبا تین سال کامیابی سے پورے کرنے کے باوجود اپوزیشن ’’میں نہ مانوں‘‘کے فارمولے پر عمل پیرا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈھائی پارٹیوں پر مشتمل پی ڈی ایم پیپلز پارٹی اور اے این پی کی واپسی کے خواب دیکھنا چھوڑ دے۔

(جاری ہے)

اپنی اپنی انا کی رسی کو تھامے اپوزیشن جماعتوں نے تفرقے میں پڑ کر ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ یہ سب صرف اپنے مفادات کی خاطر ایک دوسرے کو برداشت کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کو قبل از انتخابات دھاندلی کا نام دینے والے شاید آئندہ انتخابات میں اپنے دھاندلی پر پردہ ڈالنا چاہ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا پاکستان کی پائیدار اور روز بروز مستحکم ہوتی معیشت اور شرح نمو کی تعریف کر رہی ہے جبکہ ’’ساون کی اندھی‘‘اپوزیشن کو صرف اپنے دور اقتدار کی طرح منفی سیاست ہی سوجھتی ہے۔