امریکا کی پاکستان کیلئے ملٹری ایجوکیشن، ٹریننگ پروگرام کی رقم مختص

اگلے سال کے لیے امریکی مجوزہ بجٹ میں پاکستان کے لیے اکنامک سپورٹ فنڈ کی رقم بھی بڑھادی گئی

اتوار 30 مئی 2021 12:30

امریکا کی پاکستان کیلئے ملٹری ایجوکیشن، ٹریننگ پروگرام کی رقم مختص
ْواشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2021ء) امریکی حکومت نے نئے بجٹ میں پاکستان کے لیے ملٹری ایجوکیشن اور ٹریننگ پروگرام کے لیے رقم مختص کردی۔ میڈیارپورٹس کے مطابق اگلے مالی سال کے لیے مجوزہ بجٹ پیش کیا گیا ہے جس کے مطابق پاکستان میں تربیتی پروگرام کے لیے 35 لاکھ ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔ پاکستان کے لیے اکنامک سپورٹ فنڈ کی رقم بھی بڑھادی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اکنامک سپورٹ فنڈ کے تحت 4 کروڑ 75 لاکھ ڈالر کی تجویز دی گئی ہے۔ پاک افغان سرحد پر تجارتی سرگرمیاں بڑھانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے جبکہ خطے میں منشیات کی روک تھام کے لیے 10 کروڑ 78 لاکھ ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔ رقم کا ایک حصہ پاک افغان بارڈر سیکورٹی پر لگایا جائے گا، اسی رقم کا ایک حصہ مکران ساحل کی سیکیورٹی پر بھی لگایا جائے گا۔امریکی بجٹ میں پاکستان میں صحت کی سہولتوں میں مدد کے لیے ایک کروڑ 80 لاکھ ڈالر رکھے گئے ہیں۔