حکومت پنجاب کا پارکس، سوئمنگ پولز، واٹر اسپورٹس اور دیگر تفریح مقامات کھولنے کا اعلان

صوبہ پنجاب کے 26 اضلاع میں تفریحی پارکس، سوئمنگ پولز اور واٹراسپورٹس کی اجازت دینے کا فیصلہ ، تمام تفریحی سرگرمیاں 50 فیصد کی اجازت کے ساتھ ہوں گی، نوٹیفکیشن جاری

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 30 مئی 2021 21:17

حکومت پنجاب کا پارکس، سوئمنگ پولز، واٹر اسپورٹس اور دیگر تفریح مقامات ..
لاہور (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین۔30مئی 2021) کورونا مثبت کیسز میں کمی، حکومت پنجاب نے پارکس، سوئمنگ پولز، واٹر اسپورٹس اور دیگر تفریح مقامات کھولنے کا اعلان کر دیا، نوٹیفکیشن جاری۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے 26 اضلاع میں تفریحی پارکس، سوئمنگ پولز اور واٹراسپورٹس کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔صوبائی سیکریٹری صحت سارہ اسلم نے اس ضمن میں باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق تمام تفریحی سرگرمیاں 50 فیصد کی اجازت کے ساتھ ہوں گی۔حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے تحت تفریحی پارکوں میں سماجی فاصلوں کو یقینی بنایا جائے گا۔نوٹی فکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ 30 مئی سے 15 جون تک نافذ العمل رہے گا۔صوبہ پنجاب میں کل سے دسویں اور بارھویں جماعتوں کی کلاسیں بھی شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

یہ اعلان صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ ایک بیان میں کیا گیا ہے۔پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس کی جانب سے کیے جانے والے اعلان کے تحت دیگر جماعتوں کی کلاسیں 7 جون سے ہی شروع ہوں گی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز این سی اوسی نے پارکس اور تفریحی مقامات کھولنے کا اعلان کیا تھا ۔30 سال سے زائد عمر کے سیاحوں کیلئے ہوٹل میں قیام کیلئے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی ہوگا، ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی اوسی کا اجلاس ہوا، جس میں کورونا ایس اوپیز اور ویکسی نیشن کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ملک بھر میں کورونا کی صورتحال پراطمینان کا اظہار کیا گیا۔ این سی اوسی نے سندھ میں کورونا کے بڑھتے کیسز پر انتباہ جاری کیا۔ یواے ای سے آنے والے مسافروں کے صرف مجاز لیبارٹریز سے ٹیسٹ قابل قبول ہوں گے۔

غیرمجاز لیبارٹری کے ٹیسٹ والے مسافر کو بٹھانے پر ایئرلائن کو جرمانہ ہوگا، پاکستان پہنچنے پر مسافروں کا دوبارہ ٹیسٹ ہوگا،کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر متاثرہ شخص کو قرنطینہ میں بھیجا جائے گا۔اسی طرح این سی اوسی نے اساتذہ اور عملے کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی ہے، اساتذہ اور عملے کو 10 جون تک ویکسی نیشن کروانا ہوگی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دسویں سے بارہویں جماعت کے امتحانات 23 جون سے 29 جون تک لیے جائیں گے۔ تعلیمی اداروں میں کلاسز کا اجراء کورونا ایس اوپیز کے تحت متبادل دنو ں میں کیا جاسکتا ہے۔ اسی طرح این سی اوسی نے کہا کہ 50 سال اور30 سال سے زائد عمر کے سیاحوں کیلئے ہوٹل میں قیام کیلئے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی ہوگا۔