Live Updates

کپیپلز پارٹی سندھ نے ارساکی زیادتیوں کیخلاف 3جون سے احتجاج کا اعلان کردیا

سندھ وفاقی حکومت اور ارسا کی زیادتیوں پر خاموش نہیں بیٹھے گی اور سندھ بھر میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا،نثار کھوڑو کی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو

پیر 31 مئی 2021 18:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ نے ارسا کی سندھ سے پانی پر زیادتی ، سندھ میں پانی کی شدید کمی اور بجلی،گیس کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف 3 جون سے 15 جون تک سندھ بھر میں ضلعی سطح پر بھرپور احتجاج کرنے کا اعلان کردیا ہے اور سندھ کے احتجاج کا نوٹس نہ لینے کی صورت میں کموں شہید پر دھرنا دینے کی دھمکی دے دی ہے۔

یہ اعلان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے پی پی پی سندھ ایگزیکیٹو کے اجلاس کے بعد صوبائی وزیر آبپاشی وقار مہدی، عاجز دھامراہ کے ہمراہ سندھ اسمبلی میں میڈیا کارنر پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ سندھ وفاقی حکومت اور ارسا کی زیادتیوں پر خاموش نہیں بیٹھے گی اور سندھ بھر میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کے 3 جون کو لاڑکانہ 5 جون کو حیدرآباد کے 5 اضلاع کی جانب سے اور 7 جون کو میرپورخاص،9جون سکھر،11 جون کو شہید بینظیر آباد 13 جون کو حیدرآباد کے بقیہ 5 اضلاع اور 15 جون کو کراچی میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔۔ نثار کھوڑو نے کہاکہ اجلاس میں سندھ میں پانی کی شدید کمی، بجلی و گیس کی طویل لوڈ شیڈنگ، مہنگائی بے روزگاری پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں پانی کے بدترین بحران کی وجہ سے زراعت کے کو اربوں روپے کا نقصان ہو رہا اور سندھ میں پانی کی 40 فیصد کمی ہے اور ارسا پی ٹی آئی وفاقی حکومت کی بی ٹیم کا کردار ادا کر رہی ہے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ چشمہ جہلم لنک کینال اور ٹی پی کینال مسلسل غیر قانونی بہائے جا رہے ہیں جبکہ 1970 کے معاہدہ کے تحت چشمہ کینال اس وقت بہایا جائے گا جب صوبے کی پانی ضروریات پوری ہونگی مگر سندھ ٹیل پر ہونے کے باجود نہ سندھ کو اپنے حصے کا پانی دینے کے بجائے یہ کینال غیر آئینی بہائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تونسہ بیراج سے لے کر گڈو بیراج تک غیر قانونی پمپنگ مشینیں لگا کر سندھ کا پانی چوری کیا جا رہا ہے جس پر ارسا اور ارسا چیئرمین خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہا ہے ۔نثار کھوڑو نے کہا کہ پی ٹی آئی سندھ کے رہنما اسلام آباد میں بیٹھ کر سندھ کے پانی کیس لڑنے کے بجائے سندھ میں پانی کی کمی نہ ہونے کے دعوے کرکے سندھ دشمنی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چشمہ جہلم لنک کینال اور ٹی پی کینال فوری بند کئے جائیں اور کوٹری سے نیچے 10 ایم اے ایف پانی چھوڑا جائے۔نثار کھوڑو نے کہا کہ پانی پر پہلا حق سندھ کا ہے سندھ کو اپنے حصے کا پورا پانی دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور ارسا ایک طرف سندھ میں پانی کی شدید کمی پیدا کررہے ہیں تو دوسری جانب سندھ میں 18 ،18گھنٹے بجلی اور گیس کی طویل لوڈشیڈنگ کرکے سندھ کی عوام سے بدلہ لیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانی کے 1991 معاہدے پر اس وقت بھی اعتراضات اٹھائے تھے کہ مگر اس معاہدے پر بھی مکمل عمل نہیں کیا جا رہا جبکہ پانی کی شفاف تقسیم ارسا کی زمہ داری ہے مگر ارسا وہ ذمہ داری پوری نہیں کر رہا۔نثار کھوڑو نے کہا کہ پہلی مئی سے چاول کی کاشت کے لئے پانی چھوڑا جاتا تھا مگر پانی نہیں چھوڑا گیا۔ سکھر میں90 ہزار کیوسک پانی چھوڑنے کے بجائے آج سکھر سے 48 ہزار کیوسک کیوسک چل رہا ہے جبکہ سندھ ٹیل پر ہے اور سندھ کو پانی کا حصہ دینے کے بجائے گڈو سے اوپر پمپ کے ذریعے چوری ہونے والے پانی پر ارسا کیوں خاموش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ارسا چیئرمین گڈو سے اوپر پانی چوری بند کرائے اگر وہ پانی کی چوری بند نہیں کرا سکتے تو انہیں کرسی پر رہنے کا بھی کوئی حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ارسا میں سندھ کے نمائندے کی بے عزتی کی جا رہی ہے۔اگر پانی کی کمی ہے تو پانی کی کٹوتی سب صوبوں کی برابری کے بنیاد پر کی جائے صرف سندھ کا پانی کیوں بند کیا جا رہا ہے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ یہ وفاقی حکومت پانی بند کرنے کے بعد اب بے روزگاری کرکے سندھ کی عوام کو مارنا چاہتی یے۔

ہم ارسا کی اتھارٹی کو چیلنج نہیں کر رہے ان کے تعصبانہ رویے کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کے اگر سندھ کے احتجاج کا نوٹس نہیں لیا گیا تو کموں شہید پر دھرنے دینا پڑا تو دینگے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کے مشکور ہیں جس نے سندھ کے پانی کا کیس اٹھا کر سندھ پر احسان کیا ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر آبپاشی سہیل انور سیال نے کہا کہ ارسا پانی معاہدے پر عمل نہیں کرارہی جبکہ سندھ نے یہ اعتراض نہیں کیا کہ اراکین سندھ آکر دریائوں کی صورتحال کو چیک نہ کریں۔

سہیل سیال نے کہاکہ سندھ پی ٹی آئی پنجاب حکومت کی نااہلی پنجاب کی عوام پر نہں ڈالنا چاہتی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بنا کسی معلومات کے میڈیا پر بات کرتے ہیں اس لئے وزیراعظم کو چاہیئے کے صحیح معلومات لے کر پھر میڈیا میں بات کیا کریں ۔انہوں نے کہا کہ معلوم ہوا ہے کہ ارسا چیئرمین نے ارسا کے سندھ سے نمائندے سے اجلاس میں بدتمیزی پر معافی مانگی ہے مگر ارسا چیئرمین پانی معاہدے پر عمل ہونے کی بات کرکے جھوٹ بول رہے ہیں جبکہ ارسا پانی معاہدے پر عمل ہی نہیں کر رہی۔

سہیل سیال نے کہا کہ ہر سال سندھ حکومت پانی چوری روکنے پر رینجرز کو مقرر کرتی ہے۔ ہمارہ کیس پانی معاہدے پر عملدرآمد کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں کینالوں کی 1391 کلومیٹر تک لائننگ کی گئی ہے۔صوبائی صدر نثار کھوڑو کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں سینیئر نائب صدر منظور وسان،جنرل سیکرٹری وقار مہدی، سرفراز راجڑ،سیکرٹری اطلاعات عاجز دھامراہ، اعجاز جاکھرانی، جاوید نایاب لغاری، منصور شاہانی،نعمان شیخ ، شکیل میمن،ڈویژنل صدور و دیگرعہدیداران نے بھی شرکت کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات