پی ٹی اے نے موبائل فون صارفین کے لیے اچھی سہولت متعارف کرا دی

پیر 31 مئی 2021 23:35

پی ٹی اے نے موبائل فون صارفین کے لیے اچھی سہولت متعارف کرا دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2021ء) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی ای) نے موبائل فون صارفین کے لیے اچھی سہولت متعارف کرا دی۔پی ٹی اے نے موبائل فون چھن جانے یا چوری ہوجانے کی صورت میں اسے آن لائن بند کروانے اور ملنے کی صورت میں کھلوانے کا نظام متعارف کرا دیا۔پی ٹی اے کی جانب سے بتایا گیا کہ ہفتے میں 7 دن ٹول فری نمبر 55055-0800 پر صبح 9 بجے سے شب 9 بجے تک فون کر کے شکایت درج کرائی جاسکتی ہے جس پر پی ٹی اے صارف کو شکایتی نمبر جاری کرے گا۔

سی پی ایل سی کے ریکارڈ کے مطابق کراچی میں یومیہ اوسطا 70 سے 75 موبائل فونز چھینے جاتے ہیں اور رواں سال اب تک لگ بھگ 10 ہزار موبائل فونز سے شہریوں کو محروم کیا جا چکا ہے جبکہ سال 2020 میں کراچی کے شہریوں سے 21 ہزار 558 موبائل فونز چھینے گئے تھے۔

(جاری ہے)

پی ٹی اے حکام کے مطابق موبائل فون واپس مل جانے کی صورت میں صارف آن لائن پی ٹی اے کے کمپلینٹ منیجمنٹ سسٹم کے ذریعے موبائل فون کھلوانے کی درخواست بھیجے گا اور صارف پہلے دی گئی ٹریکنگ آئی ڈی یا شکایتی نمبر کا حوالہ دے گا جس پر فون ان بلاک کردیا جائے گا۔شکایت درج کرانے والا شہری 24 گھنٹے بعد اپنی شکایت کے حوالے سے بذریعہ ایس ایم ایس اور آن لائن پی ٹی اے کی ویب سائٹ یا اسمارٹ فون ایپ کے ذریعے بھی اسٹیٹس معلوم کرسکے گا۔