اب موبائل صارفین چوری شدہ فون آن لائن نظام کے ذریعے چند منٹوں میں بند کروا سکتے ہیں

موبائل فون صارفین کیلئے اچھی خبر، پی ٹی اے نے موبائل صارفین کیلئے زبردست آن لائن سہولت متعارف کرا دی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری پیر 31 مئی 2021 20:50

اب موبائل صارفین چوری شدہ فون آن لائن نظام کے ذریعے چند منٹوں میں بند ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 مئی2021ء) موبائل فون صارفین کیلئے اچھی خبر، اب صارفین گمشدہ اور چوری شدہ فون آن لائن نظام کے ذریعے چند منٹوں میں بند کروا سکتے ہیں، پی ٹی اے نے موبائل صارفین کیلئے زبردست آن لائن سہولت متعارف کرا دی- تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون صارفین کے لیے زبردست آن لائن سہولت متعارف کرا دی۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی اے نے موبائل فون چھن جانے یا چوری ہو جانے کی صورت میں اسے آن لائن بند کروانے اور دوبارہ ملنے کی صورت میں آن لائن کھلوانے کا نظام متعارف کرا دیا۔ پی ٹی اے کی جانب سے ایک ٹول فری نمبر 55055-0800 بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس پر صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک فون کر کے شکایت درج کرائی جا سکتی ہے، شکایت پر فون بلاک کر دیا جاتا ہے اور ادارے کی جانب سے صارف کو ایک شکایتی نمبر دے دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ شکایتی نمبر اس وقت کام آتا ہے جب موبائل فون دوبارہ ملنے کی صورت میں اسے اَن بلاک کرنا ہو، صارف اس کے لیے پی ٹی اے کے آن لائن کمپلینٹ منیجمنٹ سسٹم کے ذریعے درخواست کرے گا اور اس کے لیے اسے ٹریکنگ آئی ڈی یا شکایتی نمبر کا حوالہ دینا ہوگا۔ صارفین اپنی شکایت کے سلسلے میں ایس ایم ایس یا آن لائن اسٹیٹس بھی معلوم کر سکتے ہیں، یعنی شہری چوبیس گھنٹے بعد ایس ایم ایس اور آن لائن پی ٹی اے کی ویب سائٹ یا اسمارٹ فون ایپ کے ذریعے اسٹیٹس معلوم کر سکے گا۔ واضح رہے کہ سی پی ایل سی کے ریکارڈ کے مطابق کراچی میں یومیہ اوسطاً 70 سے 75 موبائل فونز چھینے جاتے ہیں، رواں سال اب تک شہریوں سے لگ بھگ 10 ہزار موبائل فونز چھینے جا چکے ہیں-