اسد طور پر حملے میں ملوث ایک ملزم کی شناخت کے قریب ہیں، شیخ رشید

صحافی اسد طور پر حملہ کرنے والے لوگ پہلے بھی اس بلڈنگ میں آتے جاتے رہے، واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کرنا ضروری ہے کیوں کہ ایسے واقعات کے ذریعے حساس اداروں پر خاص مقصد کے لئے الزام لگایا جارہا ہے، ملزموں تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے تو سب کے منہ بند ہوجائیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ کی صحافیوں سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 1 جون 2021 14:57

اسد طور پر حملے میں ملوث ایک ملزم کی شناخت کے قریب ہیں، شیخ رشید
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 جون 2021ء ) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ صحافی اسد طور پر حملے میں ملوث ایک ملزم کی شناخت کے قریب ہیں ، اسد طور کیس میں حقیقت کے قریب پہنچ جائیں گے ، نادرا، ایف آئی اے اور پولیس معاملے پر کام کررہی ہے ، اگر ملزمان ٹریس نہ ہوئے تو اشتہار دیں گے ، ملزمان کو پکڑنا ضروری ہے کیونکہ اداروں کو بدنام کیاجارہاہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نادرا ، ایف آئی اے اور پولیس کیس کی تحقیقات کررہی ہیں ، کیس میں اشتہار دینے جارہے ہیں، اس واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کرنا ضروری ہے کیوں کہ ایسے واقعات کے ذریعے حساس اداروں پر خاص مقصد کے لئے الزام لگایا جارہا ہے جو قابل مذمت ہے ، فنگر پرنٹس کی رپورٹ کل تک آجائے گی، واقعے میں ملوث ایک ملزم کی شناخت کے قریب ہیں ، ملزموں تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے تو سب کے منہ بند ہوجائیں گے، میرے دور میں سائبر کرائم کے 36 ہزار کیسز سامنے آئے ، جن میں سے 5 ہزار انکوائریاں مکمل کرلی ہیں ، ہماری کوشش ہے کہ سائبر ونگ کو جدید ٹیکنالوجی دی جائے ، اس کے علاوہ ہم نادرا میں بھی بہتری چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بعض لوگ بلاوجہ اداروں پر انگلیاں اٹھاتے ہیں، اداروں پر بے بنیاد الزام تراشی سے پاکستان کا تشخص مجروح ہورہا ہے، اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کے لئے لوگ ایجنسیوں پر الزام لگارہے ہیں، انہیں معلوم نہیں اس سے پاکستان کو کتنا نقصان پہنچتا ہے۔ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم سے متعلق وال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ختم ہوچکی ہے ، اب سب میڈیا میڈیا کھیل رہے ہیں ، 2 جماعتیں اس اتحاد سے نکل گئیں ہیں اور 2 جماعتیں اس میں شامل ہیں، جب کہتا تھا ن سے ش نکلے گی تب لوگ میرا مذاق اڑاتے تھے۔

اپنے دورہ کویت کے حوالے سے شیخ رشید احمد نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کویت کا سرکاری دورہ کیا ، 2011 کے بعد کویت کا کامیاب دورہ کیا ، جس میں کویت نے پاکستانیوں کے لئے ویزے پر پابندی ہٹادی ہے، کیوں کہ 2011 سے پاکستانیوں کے لیے کویت کے ویزے بند تھے لیکن اب اب فیملی اور بزنس ویزے جاری ہوں گے۔