Live Updates

مسلم لیگ ن کے لیے خوشخبری

سپریم کورٹ نے ن لیگی رکن صوبائی اسمبلی محمد کاشف کی نااہلی کے خلاف اپیل ابتدائی سماعت کے لیے منظور کرلی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 1 جون 2021 16:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جون 2021ء) : سپریم کورٹ میں رکن صوبائی اسمبلی محمد کاشف کی نا اہلی کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی جس میں درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بہاولنگر کے رکن صوبائی اسمبلی کو اسلام آباد ہائیکورٹ نااہل نہیں کرسکتی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے دائرہ اختیار سے تجاوز کیا، درخواست گزار کی ڈگری کو یونیورسٹی درست قرار دے چکی ہے۔

مخالف امیدوار کے وکیل نعیم بخاری نے کہا کہ الیکشن کمیشن پورے ملک میں انتخابات کرواتا ہے، الیکشن کمیشن کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا جا سکتا ہے، خواجہ آصف کو بھی اسلام آباد ہائیکورٹ نے نااہل کیا تھا۔ جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ خواجہ آصف رکن قومی اسمبلی تھے جب کہ درخواست گزار صوبائی اسمبلی سے تعلق رکھتے ہیں، دائرہ اختیار کا پہلو نہایت اہم ہے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔ یاد رہے کہ عبدالغفار نامی شخص نے لیگی رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی کاشف محمود کی نااہلی کے لیے درخواست دائر کی تھی۔ جس پر گذشتہ برس اسلام آباد ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی کاشف محمود کو جعلی ڈگری پر نااہل قرار دے دیا تھا۔ جس کے بعد جعلی ڈگری کیس میں نااہل لیگی رکن صوبائی اسمبلی کاشف محمود چوہدری کو الیکشن کمیشن نے ڈی نوٹیفائی کردیا تھا۔

تاہم بعد ازاں کاشف محمود نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا جس کے نتیجے میں سپریم کورٹ نے لیگی ایم پی اے کاشف محمود کی نا اہلی کا فیصلہ معطل کر دیا تھا۔ یاد رہے کہ کاشف محمود پنجاب کے حلقہ پی پی 241 سے 2018ء کے انتخابات میں کامیاب ہوئے تھے۔ سال 2018ء کے عام انتخابات میں کاشف محمود نے مسلم لیگ ن کی نشست پر 49 ہزار5 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ ان کے مدمقابل پاکستان تحریک انصاف کے ملک محمد مظفر خان کو 44 ہزار 7سو 37 ووٹ ملے تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات