سپریم کورٹ : (ن) لیگی رکن صوبائی اسمبلی محمد کاشف کی نااہلی کیخلاف اپیل سماعت کیلئے منظور

اٹارنی جنرل کو نوٹسز کر رہے ہیں،چھٹیوں میں بھی سپریم کورٹ ججز کام کریں گے،جسٹس عمر عطاء بندیال

منگل 1 جون 2021 19:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2021ء) سپریم کورٹ نے ن لیگی رکن صوبائی اسمبلی محمد کاشف کی نااہلی کے خلاف دائر اپیل سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے معاونت کیلئے اٹارنی جنرل کو نوٹسز جاری کردئیے ہیں۔معاملہ کی سماعت جسٹس عمر عطائ بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت وکیل درخواست گزار بیرسٹر قمر سبزواری نے دلائل دئیے کہ بہاولنگر کے رکن صوبائی اسمبلی کو اسلام آباد ہائیکورٹ نااہل نہیں کرسکتی،اسلام آباد ہائیکورٹ نے دائرہ اختیار سے تجاوز کیا،درخواست گزار کی ڈگری کو یونیورسٹی درست کہہ چکی، وکیل نعیم بخاری نے دلائل دئیے کہ الیکشن کمیشن پورے ملک میں انتخابات کرواتا ہے، الیکشن کمیشن کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا جا سکتا ہے،خواجہ آ صف کو بھی اسلام آباد ہائیکورٹ نے نااہل کیا تھا۔

(جاری ہے)

جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دئیے کہ یہاں درخواست الیکشن کمیشن کے کسی نوٹیفیکشن یا فیصلے کے خلاف نہیں تھی، جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے کہ دائرہ اختیار کا پہلو نہایت اہم ہے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، خواجہ آصف رکن قومی اسمبلی تھے جبکہ درخواست گزار صوبائی اسمبلی سے تعلق رکھتے ہیں،جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا اٹارنی جنرل کو نوٹسز کر رہے ہیں،چھٹیوں میں بھی سپریم کورٹ ججز کام کریں گے،کیس ممکن ہے چھٹیوں میں ہی دوبارہ مقرر ہو،کیس کو جلد دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کیا جائے، عدالت عظمیٰ نے بعد ازاں معاملہ کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی ہے۔ سپریم کورٹ معاملے پرہائیکورٹ کا فیصلہ پہلے ہی معطل کر کے چکی ہے۔۔۔۔توصیف