مثالی پولیس کے ایس پی سٹی عمرخان کی کارکردگی، اپنے ماتحت 5تھانوں میں جرائم کی شرح کو کنٹرول کرلیا

تھانہ آبپارہ،بہارہ کہو،بنی گالہ،کوہسار اور تھانہ سیکرٹریٹ میں چوریوں کی تعداد میں 70فیصد کمی ،قتل اور اقدام قتل کی وارداتیں بھی کم، ڈکیتیوں کی شرح بھی بہت نیچے آگئی

بدھ 2 جون 2021 00:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2021ء) مثالی پولیس کے ایس پی سٹی عمرخان نے اپنے ماتحت 5تھانوں میں جرائم کی شرح کو کنٹرول کرلیا۔تھانہ آبپارہ،بہارہ کہو،بنی گالہ،کوہسار اور تھانہ سیکرٹریٹ میں چوریوں کی تعداد میں 70فیصد کمی ہوگئی۔قتل اور اقدام قتل کی وارداتیں بھی کم ہوگئیں جبکہ ڈکیتیوں کی شرح بھی بہت نیچے آگئی۔ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ ایس پی سٹی عمر خان اپنی گزشتہ تین ماہ کی کارکردگی میں اپنے ساتھیوں کو پیچھے چھوڑ گئے ہیں،سٹی سرکل کے پانچ تھانوں میں مجموعی طور پر جرائم کی شرح ماضی کی نسبت کنٹرول میں رہی ہے جبکہ رورل ایریا میں ایس پی رانا عبدالوہاب کی نااہلی اور مال بناؤ مہم کی وجہ سے قبضہ گروپوں اور جرائم پیشہ عناصر نے اودھم مچا رکھا ہے۔

البتہ تھانہ آبپارہ،تھانہ بنی گالہ،کوہسار اور سیکرٹریٹ میں قتل اقدام قتل،ڈکیتیوں اور منشیات فروشی کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور ان تھانوں کی حدود میں قبضہ گروپوں کی کارروائیاں بھی نہ ہونے کے برابر رہیں۔

(جاری ہے)

تھانہ بنی گالہ کی حدود میں ایس پی سٹی کے حکم پر تعمیرات نہ کرنے کی پابندی پر سختی سے عمل درآمد کروایا گیا ہے۔وزارت داخلہ کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ ایس پی سٹی عمر خان کی عمدہ کارکردگی کی تعریف وزیرداخلہ ایک میٹنگ میں بھی کرچکے ہیں اور آئی جی اسلام آباد بھی انکے کام سے کافی مطمئن دکھائی دیتے ہیں