Live Updates

پی ٹی آئی حکومت نے حکومتی اراکین اور ٹکٹ ہولڈرز کو نوازنے کا فیصلہ کر لیا

ایک ارب 28 کروڑ کی ترقیاتی اسکیمیں طلب، سمری ایوان وزیراعلیٰ کو بھجوا دی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 2 جون 2021 13:39

پی ٹی آئی حکومت نے حکومتی اراکین اور ٹکٹ ہولڈرز کو نوازنے کا فیصلہ کر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 جون 2021ء) : پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بھی گذشتہ حکومتوں کے نقش قدم پر چلنے لگی۔ تبدیلی سرکار نے حکومتی اراکین اور ٹکٹ ہولڈرز کو نوازنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت ایک ارب 28 کروڑ روپے کی ترقیاتی اسکیمیں طلب کر لی گئی ہیں جبکہ سمری ایوان وزیراعلیٰ کو بھجوا دی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت کی جانب سے سینئر صوبائی وزیرعبدالعلیم خان کے حلقہ پی پی 162 کو ترقیاتی اسکیموں کے لیے 4 کروڑ 9 لاکھ روپے، اور این اے 129 کے لیے 7 کروڑ9 لاکھ روپے کے فنڈز دیئے جائیں گے۔

اس کے علاوہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کو 7 کروڑ 9 لاکھ روپے، سینیٹر اعجاز چودھری کو ترقیاتی کاموں کے لیے 7 کروڑ 9 لاکھ روپے، ملک ظہیر عباس کو 7 کروڑ 9 لاکھ روپے، ہمایوں اخترخان کو 7 کروڑ 9 لاکھ روپے کے فنڈز دئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

چودھری اعجاز احمد ڈیال کو 7 کروڑ 9 لاکھ روپے، جبکہ ٹکٹ ہولڈر جمشید اقبال چیمہ، محی الدین دیوان، خالد محمود، عبدالکریم، چودھری منشا سندھو، یوسف علی، بلال اسلم اور شعیب صدیقی کو چار، چار کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز دیئے جائیں گے۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹکٹ ہولڈرز محمد افتخار، محمد ارشاد ڈوگر، چودھری محمد اصغر، زبیر نیازی اور آجاسم شریف کو بھی حلقوں میں ترقیاتی کاموں کے لیے فی کس چار ، چار کروڑ سے زائد کے فنڈز ملیں گے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز سے شکست کھانے والے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر ملک زمان نصیب کو پی پی 146 کے لیے 4 کروڑ 9 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز دیئے جائیں گے۔

ترقیاتی فنڈز کے اجرا کی سمری وزیراعلیٰ ہاؤس بھجوائے جانے پر سیاسی مبصرین نے بھی تبدیلی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ پی ٹی آئی نے بھی گذشتہ حکومتوں کی روش قائم رکھی ۔ جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومتی اراکن اور ٹکٹ ہولڈرز ترقیاتی اسکیموں کے نام پر بجٹ تو وصول کر لیتے ہیں لیکن حلقوں میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کروایا جاتا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات