وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے چودھری مونس الٰہی کی قیادت میں (ق)لیگ کے وفد کی ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال

وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان معاشی ترقی کی راہ پر گامزن،موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں‘عثمان بزدار مسلم لیگ (ق)سے بہترین ورکنگ ریلیشن شپ ،اتحادی جماعت کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں ، فیصلہ سازی میں مسلم لیگ (ق) کو شریک کیا ہے ہمارا نصب العین صرف عوام کی خدمت، وزیر اعلی عثمان بزدار کی جانب سے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کا اعلان خوش آئندہے‘ مونس الٰہی

بدھ 2 جون 2021 23:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے 90 شاہراہ قائد اعظم پر ایم این اے چودھری مونس الٰہی کی قیادت میں مسلم لیگ ق کے وفد نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اورسیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا- مسلم لیگ ق کے وفد میں ایم این اے سالک حسین ، صوبائی وزراء عمار یاسراور محمد رضوان شامل تھے -پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی پنجاب بھی اس موقع پر موجود تھی- وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے -موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں - افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔

مایوسی کا شکار اپوزیشن عوام کو گمراہ نہیں کرسکتی۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ق ہماری اتحادی ہے اور اتحادیوں کے ساتھ تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں -اتحادی جماعت سے بہترین ورکنگ ریلیشن شپ ہے۔اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں - فیصلہ سازی کے عمل میں مسلم لیگ (ق) کو شریک کیا گیا ہے۔ہر ضلع کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کیا ہے -جلد گجرات ، منڈی بہاؤالدین، چکوال اورسیالکوٹ کا بھی دورہ کرو ں گااور ان اضلاع کے دورہ کے دوران ڈویلپمنٹ پیکیج کا اعلان کروں گا- چودھری مونس الہی نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کیلئے مل کر کام جاری رکھیں گے۔

ملکر عوامی خدمت کرتے رہیں گے۔ہمارا نصب العین صرف عوام کی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی عثمان بزدار کی جانب سے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کا اعلان خوش آئند ہے -