ریگولیٹری اتھارٹی میڈیا ورکرز، صحافی اور دیگر ملازمین کی تنخواہیں مقرر نہیں کرے گی

آزاد کمیشن بنا رہے ہیں جن میں حکومتی، میڈیا اور تیسرا فریق شامل ہو گا۔ وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 3 جون 2021 13:26

ریگولیٹری اتھارٹی میڈیا ورکرز، صحافی اور دیگر ملازمین کی تنخواہیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 جون 2021ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ میڈیا ہاؤسز اورملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کا کوئی میکنزم موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ایڈورٹائزمنٹ سے متعلق مانیٹرنگ ہونی چاہئیےاور ہم میڈیا سمیت تمام اداروں میں اصلاحات لانا چاہتے ہیں۔

ہمیں جدید ماڈلز کو اپنا کر آگے بڑھنا چاہئیے۔ ہم میڈیا سمیت تمام اداروں میں اصلاحات لانا چاہتے ہیں۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ میڈیا ریگولیٹری باڈی سے متعلق قوانین موجود ہیں جسے پیمرا مانیٹر کرتا ہے۔ ہم ایک آزاد کمیشن بنا رہے ہیں جن میں حکومتی، میڈیا اور تیسرا فریق شامل ہو گا۔اُن کا کہنا تھا کہ آزاد کمیشن میڈیا ہاؤسز کے ملازمین، مالکان اور عام آدمی کی شکایات سن سکے گا جبکہ آزاد کمیشن کا سربراہ سپریم کورٹ کا ریٹائرڈ جج ہو گا۔

(جاری ہے)

اس آزاد کمیشن پر پیمرا سمیت کسی بھی ادارے کو اعتراض نہیں ہو گا اور میڈیا سے متعلق آزاد کمیشن تک عام آدمی کی رسائی آسان ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ریگولیٹری اتھارٹی میڈیا ورکرز، صحافی اور دیگر ملازمین کی تنخواہیں مقرر نہیں کرے گی۔ یاد رہے کہ دو ماہ قبل فرخ حبیب نے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات کا حلف اُٹھایا تھا، صدرمملکت عارف علوی نے فرخ حبیب سے حلف لیا ۔

وزیراعظم نے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب کو وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مقرر کیا تھا، جس کی تصدیق فواد چوہدری نے کرتے ہوئے فرخ حبیب کو مبارک باد دی تھی۔ خیال رہے کہ عام انتخابات میں فرخ حبیب فیصل آباد سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 108 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔