نیب حراست میں خورشید شاہ کو 21 ماہ ہوگئے ہیں،ہماری ساری قیادت مقدمات کا مقابلہ کر رہی ہے،شیری رحمن

میڈیا کیخلاف نیا آرڈیننس منی مارشل لاء ہے،جس نے اسٹیبلشمنٹ سے بات کی سب کے سامنے ہے میں کسی کا نام نہیں لوں گی،پیپلز پارٹی تو ہر فورم پر ڈٹ کر حکومت کا مقابلہ کر رہی ہے، میڈیا سے گفتگو

جمعرات 3 جون 2021 13:36

نیب حراست میں خورشید شاہ کو 21 ماہ ہوگئے ہیں،ہماری ساری قیادت مقدمات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ نیب حراست میں خورشید شاہ کو 21 ماہ ہوگئے ہیں،ہماری ساری قیادت مقدمات کا مقابلہ کر رہی ہے،میڈیا کیخلاف نیا آرڈیننس منی مارشل لاء ہے،جس نے اسٹیبلشمنٹ سے بات کی سب کے سامنے ہے میں کسی کا نام نہیں لوں گی،پیپلز پارٹی تو ہر فورم پر ڈٹ کر حکومت کا مقابلہ کر رہی ہے۔

جمعرات کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہاکہ نیب حراست میں خورشید شاہ کو 21 ماہ ہوگئے ہیں، عدالت نے خورشید شاہ کے اہل خانہ کو بلایا ہوا ہے،نیب کو تحقیقات کیلئے 21 ماہ کیوں لگ گئے۔ انہوںنے کہاکہ آٹا چوری ہو یا رنگ روڈ ہو آپ چوری کر کے باہر چلے جاتے ہیں،پیپلز پارٹی کی ساری قیادت ملک میں ہے اور مقدمات کا مقابلہ کر رہی ہے،میڈیا کیخلاف نیا آرڈیننس منی مارشل لاء ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ حکومت میڈیا اور اپوزیشن کو کچلنا چاہتی ہے،حکومت آئی ایم ایف سے اجازت لیکر بجٹ لارہی ہے۔ صحافی نے سوال کیا کہ حکومت نے شہباز شریف کا کیس واپس لے لیا کیا کوئی مک مکا ہو۔ شیری رحمن نے کہاکہ کہا جاتا ہے پیپلز پارٹی اسٹیبلشمنٹ سے بات کرتی ہے،جس نے اسٹیبلشمنٹ سے بات کی وہ سب کے سامنے ہے میں کسی کا نام نہیں لوں گی۔ انہوںنے کہاکہ کہا گیا پیپلز پارٹی پی ڈی ایم چھوڑ کر اسٹیبلشمنٹ کے پاس چلی گئی،پیپلز پارٹی تو ہر فورم پر ڈٹ کر حکومت کا مقابلہ کر رہی ہے،معلوم نہیں یہاں ایک پاکستان ہے یا دو۔