پاکستان نے چینی شہریوں کیلئے نئی ویزا پالیسی جاری کردی

چین کیلئے نئے ویزا کی مدت کم از کم دوسال ہوگی، سی پیک کے تحت چینی شہریوں کیلئے الگ ویزا کیٹیگری بنائی گئی ہے، ائیرپورٹس پر بھی خصوصی ڈیسک قائم کیے جا رہے ہیں۔ وزیر داخلہ شیخ رشید سے چینی سفیر کی ملاقات

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 3 جون 2021 16:35

پاکستان نے چینی شہریوں کیلئے نئی ویزا پالیسی جاری کردی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جون2021ء) پاکستان نے چینی شہریوں کیلئے نئی ویزا پالیسی جاری کردی ہے، وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ چینی شہریوں کیلئے نئے ویزا کی مدت کم از کم دوسال ہوگی، سی پیک کے تحت چینی شہریوں کیلئے الگ ویزا کیٹیگری بنائی گئی ہے، ائیرپورٹس پر بھی خصوصی ڈیسک قائم کیے جا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید سے چین کے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی۔

ملاقات میں پاکستان چین دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پربات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماوَں نے پاک چین سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر اظہار مسرت کیا۔ چینی شہریوں کے لیے ویزا سہولیات، سی پیک اور دوطرفہ تعاون کے معاہدوں پر بات چیت کی گئی۔ وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ حکومت نے چینی شہریوں اور سی پیک منصوبوں سےمتعلق نئی ویزا پالیسی منظور کی ہے۔

(جاری ہے)

نئی پالیسی کے تحت چینی شہریوں کے لیے نئے ویزا کی کم از کم مدت دو سال کردی ہے۔ چینی شہریوں کے لیے سی پیک کے تحت الگ ویزا کیٹیگری بنا دی ہے۔ چینی شہروں کی سہولت کیلئے ائیرپورٹس پر خصوصی ڈیسک قائم کیے جا رہے ہیں۔ چینی سفیر نے چینی شہریوں کے لیے ویزا میں سہولیات پر حکومت پاکستان سے اظہار تشکرکیا۔ چینی سفیر نے کہا کہ ویزا سہولت سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید اعتماد اور وسعت آئیگی۔

سی پیک سے متعلقہ منصوبوں میں سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔مزید براں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت نے کویت کے لئے ویزے بحال کرائے ، پاکستانیوں کو سعودی عرب اور کویت میں روزگار کے بہت مواقع ملیں گے۔ پاکستان سے ڈاکٹرز اور تعمیرات کے شعبہ سے وابستہ افرادی قوت کویت میں ملازمتوں کے لئے جائے گی، 425 ڈاکٹرز اسی ہفتہ چلے جائیں گے۔