سید خورشید شاہ کی درخواست ضمانت کیس ،وکیل مخدوم علی خان نے درخواست واپس لینے کیلئے مہلت مانگ لی

مناسب ہوگا درخواست ضمانت واپس لیکر ہائی کورٹ سے رجوع کریں، خورشید شاہ اپنے لئے ہائی کورٹ کا دروازہ بند نہ کریں ،اگر ہائی کورٹ سے کیس خارج ہوا تو میرٹ سمیت تمام نقاط پر اپیل سنیں گے،جسٹس سر دار طارق

جمعرات 3 جون 2021 18:27

سید خورشید شاہ کی درخواست ضمانت کیس ،وکیل مخدوم علی خان نے درخواست ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2021ء) سپریم کورٹ میں سابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کی درخواست ضمانت کیس میں وکیل مخدوم علی خان نے درخواست واپس لینے کیلئے مہلت مانگ لی جبکہ جسٹس سردار طارق نے ریمارکس میں کہاہے کہ مناسب ہوگا درخواست ضمانت واپس لیکر ہائی کورٹ سے رجوع کریں. خورشید شاہ اپنے لئے ہائی کورٹ کا دروازہ بند نہ کریں اگر ہائی کورٹ سے کیس خارج ہوا تو میرٹ سمیت تمام نقاط پر اپیل سنیں گے۔

جمعرات کو سپریم کورٹ میں رہنما پیپلزپارٹی سید خورشید شاہ ضمانت کیس کی سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ جسٹس سردار طارق نے استفسار کیا کہ نیب کے مطابق خورشید شاہ کے اہلخانہ نے 140 غیرملکی دورے کیے،فیملی ممبران کی خودمختاری سے متعلق کیا کہیں گی وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ سفری اخراجات ریفرنس کا حصہ نہیں جبکہ اہلخانہ کب تک زیرکفالت تھے ٹیکس گوشواروں میں واضح ہے، جسٹس مشیر عالم نے کہا فیصلوں میں تاخیر کے ذمہ دار ملزمان بھی ہوتے ہیں،ہر پیشی پر ہر ایک ملزم التواء مانگ لے تو کیس کیسے چلے گا، عدالت ہر پہلو کو دیکھ کر ہی کوئی فیصلہ کرتی ہے،عدالت کے استفسار پر خورشید شاہ کے وکیل نے کہا کہ مشاورت کے بعد درخواست واپس لینے سے آگاہ کروں گا۔

(جاری ہے)

جسٹس سردار طارق نے ریمارکس دیئے عدالت چاہتی ہے خورشید شاہ کیلئے ہائی کورٹ کا دروازہ بند نہ ہو سپریم کورٹ سے درخواست خارج کی تو خورشید شاہ کے پاس کوئی آپشن نہیں بچے گا۔ سید خورشید شاہ کی درخواست ضمانت پر سماعت (آج) جمعہ تک ملتوی کر دی گئی ،عدالت نے خورشید شاہ کے بیٹے کی ضمانت قبل از گرفتاری بھی جمعہ تک ملتوی کر دی. عدالت نے دونوں بیگمات کی ضمانت منسوخی پر سماعت بعد میں کرنے کی ہدایت کر دی۔