یورینیم کی کھلے عام خرید و فروخت پر فیٹیف بھارت کیخلاف فوری تحقیقات شروع کرے، رحمن ملک کا فیٹف کو خط

یورینیم و دیگر ایٹمی مواد کا خرید و فروخت بین الاقوامی اور فیٹیف قوانین کی خلاف ورزی ہے، یورینیم کو دہشتگرد انتہائی خطرناک بم بنانے کے لئے استعمال کر سکتے ہیں، رحمن ملک

جمعرات 3 جون 2021 23:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2021ء) سابق وزیرداخلہ سینیٹر رحمان ملک نے فیٹیف کے صدر کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ یورینیم کی کھلے عام خرید و فروخت پر فیٹیف بھارت کیخلاف فوری تحقیقات شروع کرے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمن ملک نے بتایاکہ یورینیم و دیگر ایٹمی مواد کا خرید و فروخت بین الاقوامی اور فیٹیف قوانین کی خلاف ورزی ہے، یورینیم کو دہشتگرد انتہائی خطرناک بم بنانے کے لئے استعمال کر سکتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ بھارت میں عام شہریوں سے 7 کلوگرام سے زیادہ یورینیم کی بازیابی انتہائی تشویشناک ہے، یورینیم کا اسطرح کا کاروبار عالمی امن کیلئے انتہائی تباہ کن ثابت ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ یہ پہلا موقع نہیں بلکہ ہر سال اسطرح کے کئی واقعات بھارت میں رونما ہوئے ہیں، ریاستی معاونت کے بغیر ایٹمی مواد کا اتنے بڑے پیمانے پر خرید و فروخت ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ایف اے ٹی ایف قوانین کے مطابق ایٹمی ہتھیار تیار کرنے کے مواد کا کاروبار و پھیلاؤ ایک گھناؤنی جرم ہے، نیوکلیئر پھیلاؤ کی اس سراسر خلاف ورزی پر بھارت کے خلاف براہ سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کا کشمیر میں ظالمانہ کرفیو کے پانج سو سے زائد دن ہوئے، دنیا بشمول اقوام متحدہ بھارتی مظالم پر چپ ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کے مقابلے میں فیٹف پاکستان کیساتھ امتیازی سلوک روا رکھا گیا، فیٹف بھارت کے گھناؤنے جرائم پر چپ ہے۔ انہوںنے کہاکہ امید ہے فیٹف آنے والے اجلاس میں پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکالے گا۔ انہوںنے کہاکہ اگر فیٹف پاکستان کو گرے لسٹ سے نہیں نکالتا تو میں اسکے خلاف عالمی عدالت انصاف میں لے جاؤں گا۔